November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)سکھر بیراج کے قریب دریائے سندھ کے اندرونی حصوں سے غیر قانونی مٹی نکالنے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے

IMG-20251122-WA0103

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)سکھر بیراج کے قریب دریائے سندھ کے اندرونی حصوں سے غیر قانونی مٹی نکالنے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے جس پر شہریوں، ماحولیاتی ماہرین اور سماجی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھاری مشینری، ٹریکٹر ٹرالیاں اور لوڈر گاڑیوں کے ذریعے دریائی زمین سے مٹی نکالنے کے باعث نہ صرف ماحولیاتی توازن متاثر ہو رہا ہے بلکہ حفاظتی بند، قریبی آبادی اور شہر کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق دریائے سندھ کے کناروں اور بیڈ کی مٹی حفاظتی بند کی مضبوطی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ غیر قانونی کھدائی کے نتیجے میں حفاظتی بند کمزور ہو رہے ہیں جس سے سیلابی موسم میں پانی کے تیز دباؤ سے بند ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتائج قریبی آبادیوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔بھاری مشینری سے گہرے گڑھے، جان و مال کو خطرہ دریا کے اندر بھاری مشینری کے استعمال سے متعدد جگہوں پر گہرے گڑھے بن گئے ہیں جو پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد نظر نہیں آتے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نہانے کے لیے آنے والے بچے اور کشتی چلانے والے مقامی افراد ان گڑھوں میں پھنس کر جان لیوا حادثات کا شکار ہو سکتے ہیں۔علاقے میں مٹی اور ریت کے ذرات فضا میں پھیلنے سے شہریوں میں سانس کی بیماریوں، آنکھوں کی تکالیف، الرجی اور جلدی امراض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق مٹی سے لدی ٹرالیاں شہر کی مرکزی شاہراہوں پر بھی مسلسل گشت کرتی ہیں جس سے دھول اُڑتی ہے اور شہری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔شہر کے اندر بھاری ٹرالیاں چلنے کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔پیدل چلنے والے، موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہری روزانہ مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ دھول و مٹی کے باعث روڈ حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بغیر اجازت مٹی نکالنا سندھ مائنز اینڈ منرلز رولز اور ریور ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔دریائی زمین سے مٹی نکالنے کے لیے حکومتی ٹینڈر،اینوائرنمنٹل کلیئرنس اور متعلقہ اداروں کی NOC لازمی ہوتی ہے۔نجی ٹھیکیدار یا کوئی بھی ادارہ قانونی اجازت کے بغیر یہ عمل نہیں کر سکتا۔شہریوں اور ماحولیاتی کارکنان نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے سندھ سے فوری طور پر غیر قانونی مٹی نکالنے کا عمل بند کیا جائے۔گڑھوں، مشینری اور کھدائی کے نقصانات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔حفاظتی بند اور قریبی آبادیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔اندرون شہر ٹرالیاں چلانے پر پابندی لگائی جائے۔ملوث افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر اس غیر قانونی سرگرمی کو نہ روکا گیا تو نہ صرف قریبی آبادی، بچے اور جانور مستقل خطرے کی زد میں رہیں گے بلکہ دریائے سندھ کے قدرتی بہاؤ اور ماحولیاتی توازن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔