November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سماجی تنظیم وائس آف وائس لیس کی چیئرپرسن حنا شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے تحت ادارے کی

IMG-20251122-WA0101

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سماجی تنظیم وائس آف وائس لیس کی چیئرپرسن حنا شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے تحت ادارے کی جانب سے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز اور خواتین کی فلاح و بہبود کے مختلف پروگرام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو اور ملازمت پیشہ خواتین کو تفریح اور ذہنی آسودگی کے مواقع فراہم کرنا بھی تنظیم کے مشن کا اہم حصہ ہے، تاکہ وہ معاشرتی و معاشی دباؤ سے باہر نکل کر اپنے کردار کو بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔حنا شاہ جیلانی نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھیں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے محنت اور لگن کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عورت ترقی و خوشحالی کے سفر میں مرد کے شانہ بشانہ شامل نہیں ہوگی، معاشرہ حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔چیئرپرسن نے بتایا کہ بچیوں کو تعلیم کے بہتر اور برابر مواقع فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نہ صرف بینکنگ، صحت اور دیگر پروفیشنل شعبوں میں کامیاب ہوسکیں، بلکہ سائنس اور تحقیق کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں اگرچہ کچھ خواتین آزادانہ طور پر اپنی زندگی بسر کرتی ہیں، مگر اکثریت کو آج بھی صرف ’’نام کی آزادی‘‘ میسر ہے۔ کہیں عورت ظلم کا شکار ہے، کہیں بہادر مگر حالات کے سامنے کمزور نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرد اور عورت دونوں کی مشترکہ ذمہ داریوں سے ہی گھر کے ساتھ ساتھ معاشرے کا نظام بہتر چلایا جا سکتا ہے، مگر خواتین کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ گھریلو مسائل اور سماجی پابندیاں بنتی ہیں۔ روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والی خواتین کو مناسب معاوضہ نہ ملنا کسی سانحے سے کم نہیں، جس پر سنجیدگی سے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔حنا شاہ جیلانی نے کہا کہ وائس آف وائس لیس آئندہ بھی خواتین کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور معاشی مضبوطی کے لیے مختلف منصوبے جاری رکھے گی، تاکہ معاشرے میں عورت کی حیثیت کو مضبوط اور باوقار مقام فراہم کیا جا سکے۔