اوکاڑہ ۔جاوید راہی بیورو چیف صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی اوکاڑہ چوہدری حبیب الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تجارتی دروازے بند ہونے سے معیشت کو یقینی طور پر نقصان پہنچتا ہے،
اوکاڑہ ۔جاوید راہی بیورو چیف صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی اوکاڑہ چوہدری حبیب الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تجارتی دروازے بند ہونے سے معیشت کو یقینی طور پر نقصان پہنچتا ہے، لیکن اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ قومی سلامتی کسی بھی ملک کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، تاہم کسی ہمسایہ ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کرے یا پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث گروہوں کو پناہ دے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر ریاست پاکستان کی ”پہلے سیکورٹی، پھر تجارت“ کی حکمتِ عملی نہایت دانشمندانہ اور حالات کے عین مطابق ہے۔ چوہدری حبیب الحق نے کہا کہ جب تک دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی، غیر قانونی آمدورفت اور سرحدی خلاف ورزیاں ختم نہیں ہوتیں، اس وقت تک ریاست کا سخت مؤقف برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پوری قوم، سیاسی قیادت اور اداروں کو ایک پیج پر رہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی۔ ”ہم اپنی ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وقت آنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے“۔چوہدری حبیب الحق نے مذید کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری کا راستہ اسی وقت ہموار ہوگا جب خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ ”امن کے بغیر تجارت ممکن نہیں، اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر امن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا“۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زندہ، مضبوط اور باوقار ملک ہے اور قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔