ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کی کہانی 11 نومبر 1974ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے اپنے ہی حکم پر ان کے خلاف درج کروائی جانے والی ایف آئی آر، جو بعد میں ان کی پھانسی کا سبب بنی ذوالفقار قادری
ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کی کہانی
11 نومبر 1974ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے اپنے ہی حکم پر ان کے خلاف درج کروائی جانے والی ایف آئی آر، جو بعد میں ان کی پھانسی کا سبب بنی
ذوالفقار قادری
یہ واقعہ 10 اور 11 نومبر 1974ء کی درمیانی رات ملتان سے شروع ہوتا ہے، جب وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو عوامی مصروفیات سے فارغ ہوکر ملتان میں گورنر پنجاب نواب صادق حسین قریشی کے محل نما بنگلے میں کیوبا کا سیگار پی رہے تھے۔ اسی لمحے ان کے ملٹری سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل امتیاز نے ان کے کان میں راز داری سے بتایا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب راؤ رشید فون پر ضروری بات کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم کی اجازت کے بعد لائن پر آئی جی راؤ رشید نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے رکن احمد رضا قصوری پر لاہور میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے، جس میں ان کے والد نواب محمد احمد خان جاں بحق ہوگئے ہیں، اور وہ اس قتل کیس کی ایف آئی آر آپ کے خلاف درج کروانا چاہتے ہیں۔
یہ سنتے ہی بھٹو صاحب نے فوراً اپنا سیگار ایش ٹرے میں دبایا اور کہا:
“Oh! No… very sad”
اور اس طرح وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے آئی جی پنجاب کو ہدایت دی:
**”جیسا احمد رضا قصوری کہہ رہا ہے، ویسا ہی کرو۔”
پس منظر
پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ایم این اے احمد رضا قصوری اسمبلی میں اپنی ہی پارٹی اور وزیراعظم بھٹو کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے تھے۔ ایک رات وہ اپنے والد، والدہ اور ماسی کے ساتھ گاڑی میں ایک شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے کہ لاہور کے شاہ جمال چوراہے پر تین مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ ان کے والد نواب محمد احمد خان شدید زخمی ہوئے اور یونائیٹڈ کرسچن ہسپتال میں رات تین بجے انتقال کر گئے۔
جب احمد رضا قصوری ایف آئی آر درج کروانے اچھرہ تھانے پہنچے تو انہوں نے ایس ایچ او عبدالحئی نیازی سے کہا کہ میرے والد کے خون کی ایف آئی آر وزیرِ اعظم بھٹو کے خلاف درج کی جائے۔
جلد ہی ڈی آئی جی لاہور سردار عبدالوکیل اور ایس ایس پی اصغر خان بھی تھانے پہنچ گئے اور معاملے کی سنگینی کے باعث آئی جی راؤ رشید کو اطلاع دی گئی۔ آئی جی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حنیف رامے کو آگاہ کیا، جن کی ہدایت پر آئی جی نے بھٹو کے ملٹری سیکریٹری سے رابطہ کیا، اور یوں وزیر اعظم بھٹو تک خبر پہنچائی گئی۔
بھٹو صاحب نے فوراً حکم دیا:
“فریادی کی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے
آخر کار11 نومبر 1974ء کو تھانہ اچھرہ لاہور میں **ایف آئی آر نمبر 402** وزیر اعظم بھٹو کے خلاف درج کرلی گئی—انہیں کیا خبر تھی کہ یہی ایف آئی آر آگے چل کر ان کی پھانسی کا سبب بنے گی۔
بعد کے واقعات
گورنمنٹ نے پولیس تحقیقات کے علاوہ جسٹس شفیع الرحمٰن کی سربراہی میں کمیشن بھی بنایا، مگر 1975ء میں اسے “بلائنڈ مرڈر” قرار دے کر داخل دفتر کردیا گیا۔
1977ء: مقدمہ دوبارہ کھولا گیا
5 جولائی 1977ء کو جنرل ضیاء الحق نے مارشل لا نافذ کرکے بھٹو حکومت برطرف کی اور یہ بند کیس دوبارہ کھول دیا گیا۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالخالق نے تحقیقات شروع کیں اور فیڈرل سیکورٹی فورس (FSF) کے افسران کو گرفتار کیا۔ ان افسران نے اعتراف کیا کہ حملہ ڈی جی ایف ایس ایف میاں غلام عباس کے کہنے پر کیا گیا۔
بھٹو کو 3 ستمبر 1977ء کو گرفتار کیا گیا مگر چند دن بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ تاہم 17 ستمبر کو دوبارہ گرفتار کرکے مختلف جیلوں سے ہوتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔
مقدمہ ہائی کورٹ میں چلایا گیا، سیشن کورٹ میں نہیں
آئین اور قانون کے برخلاف کیس کو سیشن کورٹ کے بجائے سیدھا لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مولوی مشتاق کے حوالے کیا گیا—جو بھٹو سے ذاتی طور پر بھی ناراض تھے۔ پانچ رکنی بینچ نے 18 مارچ 1978ء کو بھٹو اور دیگر کو سزائے موت سنادی جبکہ وعدہ معاف گواہوں کو بری کر دیا۔
سپریم کورٹ اپیل
بھٹو کے وکلا نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔ جنرل ضیاء الحق نے چیف جسٹس یعقوب علی خان کو ہٹا کرجسٹس انوارالحق کو چیف جسٹس بنا دیا۔ نو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا۔
کارروائی کے دوران جسٹس قیصر خان ریٹائر ہوگئے اور جسٹس وحید الدین کو بیمار ظاہر کرکے الگ کردیا گیا۔
آخر 6 فروری 1979ء کو فیصلہ سنایا گیا چار ججوں نے سزائے موت برقرار رکھی، تین ججوں نے بری کرنے کا فیصلہ دیا۔
پھانسی
4 اپریل 1979ء کو راولپنڈی جیل میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔
دنیا کے قانون دانوں نے اس فیصلے کو جانبدار، متعصب اور غیر منصفانہ قرار دیا۔سپریم کورٹ کے خود ایک سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ نے بھی اعتراف کیا کہ بھٹو کی پھانسی ضیاء الحق کے دباؤ کا نتیجہ تھی۔ مخالفین بھی آج مانتے ہیں کہ بھٹو کو عدالتی قتل کیا گیا۔