برطانوی ہوم سیکریٹری شبانہ محمود نے امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلیوں پر مشتمل نیا اصلاحاتی منصوبہ پارلیمنٹ میں پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
برطانوی ہوم سیکریٹری شبانہ محمود نے امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلیوں پر مشتمل نیا اصلاحاتی منصوبہ پارلیمنٹ میں پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ کا موجودہ نظام بے قابو، غیر مؤثر اور غیر منصفانہ ہوچکا ہے، جس کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں عدم استحکام پیدا ہوا اور معاشرہ تقسیم کا شکار ہوا۔
شبانہ محمود نے کہا کہ نئے قوانین کے تحت سیاسی پناہ دینے کا دورانیہ پانچ برس سے کم کرکے ڈھائی سال، یعنی 30 ماہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مستقل رہائش (Indefinite Leave to Remain) کے لیے 20 سال تک انتظار کرنا ہوگا۔ ہوم سیکریٹری کے مطابق کام کرنے کی صلاحیت رکھنے والے افراد کو سرکاری مالی مدد فراہم نہیں کی جائے گی تاکہ انہیں خود انحصاری کی طرف لایا جاسکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے قوانین کا اطلاق پہلے سے موجود سیاسی پناہ گزینوں پر نہیں ہوگا، یعنی موجودہ کیسز متاثر نہیں ہوں گے۔
اصلاحات کے اہم حصوں میں یہ شق بھی شامل ہے کہ غیرملکی مجرموں کو جیل کی سزا مکمل ہونے کا انتظار کیے بغیر قبل از وقت ملک بدر کر دیا جائے گا تاکہ برطانوی نظامِ انصاف اور جیلوں پر بوجھ کم ہو سکے۔
ہوم سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات امیگریشن نظام کو مؤثر، قابلِ عمل اور منصفانہ بنانے کے لیے ناگزیر ہیں اور حکومت کا مقصد برطانوی عوام کے تحفظ اور ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہے۔