سکھر سول اسپتال کی ایم آر آئی مشین دوبارہ خراب، لاکھوں مریض پریشانی میں مبتلا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات
سکھر سول اسپتال کی ایم آر آئی مشین دوبارہ خراب، لاکھوں مریض پریشانی میں مبتلا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سول اسپتال میں ایم آر آئی مشین کی مسلسل خرابی نے مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے آٹھ کروڑ روپے کی بھاری لاگت سے مشین کی مرمت کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم مرمت کے صرف دو ہفتے بعد ہی مشین دوبارہ خراب ہو کر بند ہو گئی، جس سے اسپتال کی کارکردگی اور شفافیت پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں نہ صرف ایم آر آئی بلکہ متعدد دیگر تشخیصی مشینیں بھی اکثر خراب رہتی ہیں، جن کی وجہ سے مریضوں کو ضروری ٹیسٹ کرانے کے لیے بار بار نجی اسپتالوں یا دیگر سرکاری مراکز کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ غریب اور دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کے لیے یہ صورتحال مزید پریشان کن ہے، کیونکہ اضافی مالی بوجھ اور سفر کی مشکلات ان کے علاج میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔اسپتال کے شعبۂ ریڈیولوجی سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی مشین کی مرمت کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، لیکن مشین کے دوبارہ خراب ہونے سے یہ شکوک پیدا ہو رہے ہیں کہ آیا مرمت معیاری طریقے سے کی گئی یا نہیں۔ دوسری جانب مریضوں کا کہنا ہے کہ روزانہ سینکڑوں افراد ایم آر آئی کے لیے اسپتال کا رخ کرتے ہیں، لیکن مشین کی خرابی کے باعث انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہری حلقوں نے محکمہ صحت سندھ اور اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب مشینوں کی فوری مرمت، شفاف انکوائری، اور مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات بغیر رکاوٹ فراہم کی جا سکیں۔واضح رہے کہ سکھر سول اسپتال ضلع اور گرد و نواح کے لاکھوں افراد کے لیے واحد بڑا سرکاری علاج گاہ ہے، جہاں مشینوں کی خرابی اور انتظامی غفلت نے عوام میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔