November 17, 2026

سکھر پولیس میں 79 نئے ASIs کی تقرری ایس ایس پی سکھر نے اپوائنٹمنٹ آرڈرز تقسیم کر دیے

IMG-20251117-WA0193

سکھر پولیس میں 79 نئے ASIs کی تقرری ایس ایس پی سکھر نے اپوائنٹمنٹ آرڈرز تقسیم کر دیے

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر پولیس میں نئی بھرتیوں کا مرحلہ مکمل ہو گیا، سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کے ذریعے کامیاب ہونے والے 79 امیدواروں کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کے طور پر اپوائنٹمنٹ آرڈرز جاری کر دیے گئے۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے ضلع بھر کے نئے منتخب ہونے والے مرد و خواتین افسران میں آرڈرز تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق SPSC کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے 79 امیدواروں میں 66 مرد اور 13 خواتین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پانچ مرد اور ایک خاتون پولیس کانسٹیبل نے بھی کمیشن کا امتحان پاس کرکے بطور ASI (BPS-11) اپنی ترقی حاصل کی، جو محکمے کی کارکردگی اور میرٹ پر بھرتیوں کا واضح ثبوت ہے۔اپوائنٹمنٹ آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے تمام نئے افسران کو شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سندھ پولیس کو اپنے نوجوان افسران پر فخر ہے جو عوامی خدمت اور قانون کی بالادستی کے جذبے سے سرشار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے ASIs اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانت داری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔ شہریوں کی خدمت اور ایک مثالی پولیس فورس کے قیام کے لیے اخلاق، شائستگی اور عوام کے ساتھ بہترین برتاؤ کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ایس ایس پی اظہر خان نے امید ظاہر کی کہ تمام نئے افسران اپنی کارکردگی، کردار اور فرض شناسی کے باعث محکمہ پولیس کا نام مزید روشن کریں گے اور ضلع میں قانون نافذ کرنے کے عمل کو مضبوط بنائیں گے۔تقریب میں اعلیٰ پولیس افسران، تربیت یافتہ امیدواروں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نئے بھرتی ہونے والے ASIs جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔