November 17, 2026

کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کا ایم-آر ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں والدین کے نام پیغام

IMG-20251117-WA0190

کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کا ایم-آر ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں والدین کے نام پیغام

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) پروردگار کی عطا کردہ سب سے بڑی نعمت ہمارے بچے ہیں، ان کی صحت اور بہبود ہماری اولین ذمہ داری ہے، جبکہ خسرہ اور روبیلا کی مہلک بیماریاں ہمارے معصوم بچوں کی صحت، نشو و نما اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے والدین کے نام جاری کردہ اپنے آگہی پیغام میں کیا ہے، کمشنر سکھر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح سکھر ڈویژن میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی حفاظتی ٹیکوں کی 12ـ روزہ قومی مہم پیر، 17 نومبر سے شروع ہو رہی ہے، جو 29 نومبر تک جاری رہے گی، اس دوران والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو قریبی صحت مرکز یا گاؤں، محلے میں آنے والی محکمہ صحت کی ٹیموں سے مفت سپلیمینٹری حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں، جبکہ ساتھ ہی 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو سپلیمینٹری پولیو کے قطرے بھی لازمی پلائیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ماہرین طب کے مطابق یہ ٹیکہ مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہے جو خسرہ اور روبیلا (ایم-آر) دونوں بیماریوں کے خلاف یکساں تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشرے کے ہر ذی شعور پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد تمام والدین کو ایم-آر ویکسینیشن کی اہمیت سے آگاہ کریں، کیونکہ یہی ٹیکہ ان دو بیماریوں سے بچاؤ کا واحد اور مؤثر ذریعہ ہے۔ کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے کہا ہے کہ ہماری اس چھوٹی سی کوشش سے ہمارے مستقبل کے معمار، پھول سے بچے بیماریوں کے مہلک اثرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں، انہوں نے کہا ہے، ہمارا مشترکہ مقصد اپنے اضلاع، صوبے اور ملک کو خسرہ، روبیلا اور پولیو فری بنانا ہے۔