سکھر کے قبرستانوں کی ابتر صورتحال؛ انتظامیہ کی غفلت، گندگی کے ڈھیر اور قبروں کی بے حرمتی پر شہری برہم
سکھر کے قبرستانوں کی ابتر صورتحال؛ انتظامیہ کی غفلت، گندگی کے ڈھیر اور قبروں کی بے حرمتی پر شہری برہم
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید ۔صیر حسین زیدی)قبرستان کمیٹی، میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی مسلسل غفلت کے باعث شہر کے بیشتر قبرستانوں کی حالت نہایت ابتر ہوچکی ہے، جہاں گندگی کے ڈھیر، نکاسیٔ آب کی تباہ حالی اور قبروں کے دھنس جانے کے واقعات میں اضافہ شہریوں کے لئے شدید تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ شہری حلقوں نے انتظامیہ کی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کمشنر سکھر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سکھر کے قدیمی قبرستانوں—بابن شاه کالونی پرانا سکھر، پیر مراد شاہ قبرستان، آدم شاہ ٹکری کے علاوہ یوسی 10 اور 11 میں قائم بڑے قبرستان نیو گوٹھ کی صفائی کی صورتحال نہایت دگرگوں ہوچکی ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ نکاسیٔ آب کا نظام مکمل مفلوج ہونے کے باعث کئی قبریں دھنس گئی ہیں۔ متعدد مقامات پر قبروں کی مٹی بہہ جانے سے ہڈیاں ظاہر ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید افسوس اور غصے کا اظہار کیا ہے۔مزید یہ کہ قبرستانوں میں کچہرہ کنڈیوں کی بھرمار اور منشیات کے عادی افراد کی آمد و رفت نے صورتحال مزید خراب کردی ہے۔ بعض قبرستانوں میں قبضہ مافیا کی جانب سے قبروں کو مسمار کرکے زمین پر ناجائز قبضے اور مویشی باندھنے کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں، جس پر کمیٹی اور میونسپل انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔شہریوں کے مطابق متعدد بار شکایات کے باوجود نہ تو قبرستان کمیٹی نے کوئی کارروائی کی اور نہ ہی سکھر میونسپل کارپوریشن نے صفائی و بحالی کے اقدامات کیے۔ شہریوں نے کہا کہ قبرستان احترام کی جگہ ہوتے ہیں، مگر انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث یہ مقدس مقامات گندگی کے ڈھیروں اور مجرمانہ سرگرمیوں کا اڈہ بنتے جارہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر سکھر، میئر سکھر، یوسی چیئرمینز اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر کے قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے، گندگی کا خاتمہ کرنے، ناجائز قبضے روکنے اور قبروں کی بے حرمتی کے واقعات کے تدارک کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ قبروں کی فوری مرمت اور قبرستانوں کی نگرانی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان مقدس مقامات کا احترام بحال ہو سکے۔