سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی ضلع سکھر میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ ویکسی نیشن مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی 2 لاکھ 38 ہزار 955 بچوں کو حفاظتی ٹیکہ لگانے کا ہدف مقرر، والدین سے مکمل تعاون کی اپیل
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
ضلع سکھر میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ ویکسی نیشن مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی
2 لاکھ 38 ہزار 955 بچوں کو حفاظتی ٹیکہ لگانے کا ہدف مقرر، والدین سے مکمل تعاون کی اپیل
سکھر (بیورورپورٹ) ضلع سکھر میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی جان لیوا بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے پیر 17 نومبر سے 12 روزہ ویکسی نیشن مہم آغاز کرنے جا رہی ہے۔ مہم کے دوران 2 لاکھ 38 ہزار 955 بچوں کو سپلیمینٹری حفاظتی ٹیکہ لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے اضافی قطرے بھی پلائے جائیں گے۔اس سلسلے میں سکھر آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم ہال میں ایک ایڈووکیسی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے کی۔ سیمینار میں ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر علی گل شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور، ڈبلیو ایچ او کنسلٹنٹس ڈاکٹر ضمیر پھل، ڈاکٹر محمود علی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر تنویر عباسی، متعلقہ اداروں کے افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندگان، ویکسینیٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، نرسز اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔”بچوں کو ویکسین سے دور رکھنے والے معاشرے کے خیر خواہ نہیں”ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے خطاب میں کہا کہ بیماریوں کے خلاف بچاؤ کے ٹیکوں کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلانے والے دراصل معاشرے کے خیرخواہ نہیں ہوتے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور حفاظتی مہم کے دوران اپنے بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد ملک کو پولیو، خسرہ اور روبیلا سے محفوظ بنانا ہے، جس کے لیے صرف محکمہ صحت ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد آگہی پھیلائے۔ڈپٹی کمشنر نے اپیل کی کہ 17 سے 29 نومبر تک جاری رہنے والی اس قومی مہم کے دوران والدین بچوں کو قریبی صحت مرکز، اسکول، ہسپتال یا عارضی مراکز پر ویکسین لازمی لگوائیں۔”چھ ماہ سے 5 سال تک ہر بچے کو ٹیکہ ضرور لگایا جائے” کنسلٹنٹ ڈاکٹر حماد شمسی سیمینار سے خطاب میں روبیلا و خسرہ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر حماد شمسی نے بتایا کہ چھ ماہ سے پانچ سال تک کے تمام بچوں — خواہ انہیں پہلے ویکسین لگی ہو — کو اس مرتبہ بھی سپلیمینٹری ٹیکہ ضرور لگوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ ایک انتہائی مہلک بیماری ہے جو تیزی سے ایک بچے سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے، خصوصاً وہ بچے جن کی قوتِ مدافعت کمزور ہو۔ اس کا واحد مؤثر حل بروقت ویکسینیشن ہے۔ 2 لاکھ 38 ہزار 955 بچوں کا ہدف، 197 ٹیمیں مقرر ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر تنویر عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 197 آؤٹ ریچ و موبائل ٹیمیں 12 سپروائزرز 50 فرسٹ لیول سپروائزرز مقرر کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، نرسز اور ٹیکنیشنز پر مشتمل ٹیموں کے ساتھ سپورٹنگ اسٹاف اور ریونیو عملہ بھی معاونت کرے گا۔”پولیو، خسرہ اور روبیلا کا خاتمہ قومی ذمہ داری” شرکائے سیمینار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بشریٰ منصور، ڈبلیو ایچ او کنسلٹنٹس اور دیگر ماہرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خسرہ اور روبیلا بچوں میں نمونیا، کھانسی، نزلہ زکام اور شدید کمزوری کا باعث بنتی ہیں، جبکہ مارچ اور اپریل میں کیسز میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی صحت اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے یہ مفت ویکسین لازمی لگوائیں۔