سکھر گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا
سکھر گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)آباد تھانے کی حدود میں گھریلو تنازع کے دوران شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی جوانسالہ بیوی کو قتل کردیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گاؤں گھننگ واہ میں پیش آیا جہاں ملزم ہزاریو شر نے مبینہ طور پر پستول کے فائر سے اپنی 30 سالہ بیوی سسئی شر کو قتل کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کرکے فرانزک کے لیے بھجوا دیا ہے۔مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال سکھر منتقل کردی گئی۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی چل رہی تھی جس کے باعث یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔ دوسری جانب علاقے میں یہ چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ خاتون کو کاروکاری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی مؤقف سامنے نہیں آیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہر پہلو کو سامنے رکھ کر کی جارہی ہیں، اور اصل محرکات کی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔