45

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)خواتین کو دفاتری کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ سے متعلق آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد — ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)خواتین کو دفاتری کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ سے متعلق آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد — ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ خان محمد زرداری مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک صوبائی محتسب سندھ برائے خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کی ریجنل آفس شہید بینظیر آباد کی جانب سے خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ شہید بینظیر آباد خان محمد زرداری نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، خواتین عملہ، سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیشن کی صدارت فیض رسول شاہ راشدی (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و کنسلٹنٹ صوبائی محتسب ریجنل آفس شہید بینظیر آباد) نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر خان محمد زرداری نے کہا کہ خواتین کے ساتھ ہراسانی ایک سنگین سماجی و اخلاقی جرم ہے، جس کے خاتمے کے لیے قانون پر عملدرآمد اور آگاہی دونوں ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محتسب ادارہ اس حوالے سے نہ صرف شکایات کے ازالے کے لیے متحرک ہے بلکہ عوامی آگاہی اور تربیت کے پروگرام بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خواتین اپنے حقوق سے بخوبی واقف ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ محتسب دفاتر عوام کے لیے کھلے ہیں اور خواتین کو ہراسانی یا امتیازی سلوک کی صورت میں بلا خوف و جھجک شکایت درج کرانی چاہیے تاکہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر فیض رسول شاہ راشدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہراسانی کے خلاف قانون 2010 اور اس میں 2022 کی ترامیم نے خواتین کو قانونی طور پر مضبوط تحفظ فراہم کیا ہے۔ اس قانون کے تحت ہر ادارے پر لازم ہے کہ وہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے اور خواتین کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیشن منعقد کرنے کا مقصد “ سرکاری و نجی اداروں میں خواتین کو محفوظ، باعزت اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔سیشن کے دوران مقررین نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی، جن میں ہراسانی کی اقسام، قانونی عمل، ادارہ جاتی ذمہ داریاں، شکایت کے طریقۂ کار، اور خواتین کے لیے دستیاب قانونی و نفسیاتی معاونت شامل تھیں۔ شرکاء کو ایکٹ کے تحت دستیاب سہولیات اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں خواتین شرکاء نے قانون پر مختلف سوالات کیے جن کے جوابات ماہرین نے تفصیل سے دیے۔ریجنل آفس کی جانب سے کہا گیا کہ مستقبل میں بھی ایسے آگاہی پروگرامز جاری رکھے جائیں گے تاکہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں