یادوں کے چراغ — ملک منظور احمد بگہ مرحوم کی خدمات کا درخشاں سفر خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
یادوں کے چراغ — ملک منظور احمد بگہ مرحوم کی خدمات کا درخشاں سفر
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
خوشاب کی سرزمین نے ہمیشہ ایسی شخصیات کو جنم دیا ہے جنہوں نے اپنی مخلصانہ خدمات، عوام دوستی اور بے لوث کردار سے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہنے والی مثالیں قائم کیں۔ انہی درخشاں ناموں میں ایک معتبر نام سابق وائس چیئرمین بلدیہ نورپورتھل ملک منظور احمد بگہ مرحوم کا ہے، جن کی یاد آج بھی اہلِ علاقہ کے دلوں میں عقیدت اور احترام کے ساتھ زندہ ہے۔
ملک منظور احمد بگہ ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے سیاست کو ذاتی مفاد کی بجائے خدمتِ خلق کا ذریعہ بنایا۔ وہ ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شریک رہتے، گلی کوچوں میں عام آدمی کے مسائل سنتے، اور اپنی حیثیت کے مطابق ہر ممکن حل کی کوشش کرتے۔ ان کا دروازہ دن رات ہر خاص و عام کے لیے کھلا رہتا۔ یہی وہ جذبۂ خلوص اور انسان دوستی تھی جس نے انہیں عوامی دلوں کی دھڑکن بنا دیا۔ ملک منظور احمد بگہ کا شمار علاقہ تھل کے ممتاز سینیئر سیاست دانوں میں ہوتا تھا ۔ وہ نہایت ہردلعزیز اور پروقار شخصیت کے مالک تھے ۔علاقائی سیاست پر ان کی گہری نظر ہوتی تھی اور مقامی سیاست میں ہمیشہ انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا ۔ ملک منظور احمد بگا ، سابق وفاقی وزیر داخلہ ملک نسیم احمد آہیر اور ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان کے دست راست تھے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل نورپورتھل کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے تنظیمی فعالیت کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ۔ انہوں نے علاقہ تھل کے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے گورنمنٹ کالج نورپورتھل کے مسائل کے حل کے لیے بھرپورکام کیا ۔ جب کالج بناؤ کمیٹی تشکیل دی گئی تو ملک منظور احمد بگا کو اس کا چیئرمین نامزد کیا گیا جبکہ راقم الحروف ( راجہ نور عاطف) اس کمیٹی کے سیکرٹری انفارمیشن تھے دیگر معاون ٹیم میں مقامی میڈیا نمائندگان اس وقت کے صدر نورپورتھل پریس کلب ملک محمد حیات جوئیہ ، جنرل سیکرٹری ایم نوردین اور نائب صدر عبدالستار چوہدری مرحوم خصوصی معاون تھے کالج بناو کمیٹی میں معروف تاجر رہنما چوہدری حاجی رحمت علی، شیخ حاجی عبدالمجید، سینیئر ممبر کے طور پر شامل تھے اور دیگر معززین علاقہ کو بھی اس کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیا ۔ ملک منظور احمد بگا کی بہترین دانشمندی کی وجہ سے کالج کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کیا گیا ۔ اسی طرح آواز فورم نورپورتھل کے چیف آرگنائزر ایم نوردین کی طرف سے آواز فورم لاہور کے ارباب اختیار/ شاہنواز خان کی منظوری سے اس فورم کے عہدے داران کی نامزدگی عمل میں لائی گئی تو ملک منظور احمد بگا بطور صدر اور راقم الحروف بطور آفس سیکرٹری نامزد ہوئے دیگر معاون ممبران میں ایڈووکیٹ ملک عزیز حسین جاڑا ، ، ملک غلام عباس، ملک گلزار احمد جاڑا اور دیگر نمائندہ سماجی شخصیات شامل تھیں ۔ ملک منظور احمد بگا نے آواز فورم کے چیئرمین کی حیثیت سے پوری ٹیم کے ہمراہ اس وقت کے ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیراعوان اور ایم پی اے ملک محمد وارث کلو کے خصوصی تعاون کے نتیجے میں علاقہ تھل کے متعدد مسائل حل کرانے میں بھی بھرپور کردار ادا کیا ۔ ملک منظور بگا مقامی سیاست کے میدان میں ایک کامیاب کھیلاڑی تصور کئے جاتے تھے ۔ وہ سیاسی شطرنج کے ماہر تھے ۔ سیاسی طور پر ملک منظور احمد بگا پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی وابستہ رہے اور ایک زمانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں راجہ حبیب اللہ نارو ، ملک محمد نواز بگھور، راجہ حاجی نائب محمد اور ان کے دیگر ساتھیوں نے اپنی سیاسی جماعت کو علاقے میں بھرپور فعال بنایا ۔ اپنی اعلی ا خداداد صلاحیتوں اور ہردلعزیز شخصیت کی وجہ سے ملک منظور احمد بگا علاقہ بھر میں نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے اور بہت مقبول تھے ۔ اللہ تعالی ا نے آپ کو فی البدیہ تقریر کرنے کی بھی خاص صلاحیت عطا کر رکھی تھی ۔ وہ ہمیشہ مختلف سیاسی سماجی تقریبات کی زینت رہے ۔ ملک منظور احمد بگا نے اپنے بیٹوں کی بھی بہترین تعلیم و تربیت کی ۔ یہی وجہ ہے کہ آج وہ اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے حتی المقدور اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ۔
بطور وائس چیئرمین، انہوں نے اپنے دور میں علاقائی ترقی کے کئی منصوبے مکمل کروائے۔ سڑکوں کی تعمیر، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، تعلیمی اداروں کی معاونت، اور فلاحی سرگرمیوں میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ وہ ہمیشہ یہ کہا کرتے تھے کہ “اصل سیاست وہ ہے جو عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لائے”— اور انہوں نے یہ قول اپنی عملی زندگی سے سچ کر دکھایا۔
ملک منظور احمد بگہ مرحوم نہ صرف ایک اچھے منتظم تھے بلکہ ایک نرم دل، شفیق اور مخلص انسان بھی تھے۔ وہ اپنے دوستوں، عزیزوں اور اہلِ علاقہ کے ساتھ ہمیشہ محبت و احترام کا رشتہ رکھتے۔ ان کے جانے کے بعد ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پر کرنا ممکن نہیں۔
آج جب ہم ان کی یاد مناتے ہیں تو یہ محض ایک شخص کی یاد نہیں بلکہ ایک عہد کی بات ہے — ایک ایسے عہد کی جس میں خدمت، سادگی، اخلاص اور قربانی کے رنگ نمایاں تھے۔ ان کے نقشِ قدم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔