سکھر بیورو۔چیف سید نصیر حسین زیدی خواتین مزدوروں کے مسائل انجمنِ فلاح و بہبودِ انسانیت کے وفد کی کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم سے ملاقات
سکھر بیورو۔چیف سید نصیر حسین زیدی
خواتین مزدوروں کے مسائل انجمنِ فلاح و بہبودِ انسانیت کے وفد کی کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم سے ملاقات
سکھر(بیورورپورٹ)انجمنِ فلاح و بہبودِ انسانیت کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالوحید مستوئی کی قیادت میں ایک وفد نے کمشنر سکھر عابد سلیم سے ملاقات کی اور آغا قادر داد مارکیٹ سکھر میں کام کرنے والی خواتین مزدوروں کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔وفد نے کمشنر کو بتایا کہ آغا قادر داد مارکیٹ کی گوداموں میں ہزاروں غریب خواتین محنت کش انتہائی کٹھن اور غیر محفوظ حالات میں کام کر رہی ہیں۔ خواتین مزدوروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں مرد مزدوروں، منشیوں اور بعض صورتوں میں گودام مالکان کی جانب سے بھی جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وفد نے مزید بتایا کہ ان خواتین کی اجرت انتہائی کم ہے، جو محض 300 روپے یومیہ تک محدود ہے، جب کہ گوداموں میں صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ بیشتر گوداموں میں خواتین کے لیے علیحدہ واش روم موجود نہیں، اور مرد و خواتین ایک ہی واش روم استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ان کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر مستوئی اور ان کے ساتھیوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا کہ خواتین مزدوروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وفد نے گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، خواتین کے لیے علیحدہ اور صاف ستھرے واش رومز کی تعمیر، اجرت میں مناسب اضافہ، اور شکایات درج کرانے کے لیے ایک مؤثر شکایت مرکز کے قیام کا مطالبہ کیا۔
کمشنر عابد سلیم نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ انتظامیہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے گی۔ انہوں نے خواتین مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ’’ویمن انسپکٹر‘‘ مقرر کیا تاکہ وہ اس معاملے کی نگرانی کر سکیں۔ کمشنر نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت دی کہ آغا قادر داد مارکیٹ میں خواتین مزدوروں کی امراضِ نسواں اور دیگر طبی ضروریات کے لیے ایک ڈسپنسری قائم کی جائے۔
وفد میں سینئر صحافی امداد بوزدار،فرید سومرو،انس گنگھرو اور ایڈووکیٹ اے بی چوہان شامل تھے۔