November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)27ویں آئینی ترمیم کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سکھر پریس کلب کے سامنے ایک شدید احتجاجی

IMG-20251112-WA0278

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)27ویں آئینی ترمیم کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سکھر پریس کلب کے سامنے ایک شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پریس کلب کے باہر جمع ہوکر “27ویں ترمیم نامنظور” اور “سندھ کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت عیدن جاگیرانی اور ماجد علی ڈنور نے کی، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم انصاف، عدل اور جمہوری اقدار کے لیے خطرہ ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے عام شہری کے اظہارِ رائے کی آزادی کو محدود کرنے اور صوبوں کے اختیارات کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی خودمختاری پر براہِ راست حملہ اور سندھ کے وسائل پر قبضے کی سازش ہے۔مقررین نے کہا کہ 27ویں ترمیم نہ صرف آئینِ پاکستان کی روح کے منافی ہے بلکہ صوبائی حقوق، تعلیمی نظام اور جمہوری ڈھانچے کو بھی متاثر کرے گی۔ ان کے مطابق، اس ترمیم کے نفاذ سے عوامی اختیارات کو سلب کیا جائے گا اور وفاقیت کی بنیادیں کمزور ہوں گی۔عیدن جاگیرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے عوام کسی بھی ایسی آئینی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے جو صوبے کی وسائل پر خودمختاری، زبان، ثقافت اور شناخت کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ماجد علی ڈنور نے کہا کہ سندھ ایکشن کمیٹی آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام پر کامل یقین رکھتی ہے۔ ہم وہ قانون چاہتے ہیں جو ملک میں انصاف، مساوات اور وفاقی ہم آہنگی کو فروغ دے، نہ کہ اسے نقصان پہنچائے۔مقررین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 27ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور صوبوں کی آئینی حیثیت اور خودمختاری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس ترمیم کو واپس نہ لیا گیا تو سندھ بھر میں احتجاجی تحریک کو وسعت دی جائے گی۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے آئین کی بالادستی، صوبائی خودمختاری اور جمہوریت کے تحفظ کے حق میں زوردار نعرے لگائے۔ مظاہرے میں سندھ ایکشن کمیٹی کے درجنوں رہنما، کارکنان اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بڑی تعداد میں شریک تھے۔مقررین نے اعلان کیا کہ سندھ ایکشن کمیٹی جلد صوبے بھر میں احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کا شیڈول جاری کرے گی تاکہ عوامی دباؤ کے ذریعے وفاقی حکومت کو اس متنازعہ ترمیم سے باز رکھا جا سکے۔