November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ آپکی خبر دعا ان لائین نیوز پر ڈیجیٹل پاکستان کی سمت پی کے سیگ 2025 میں میرا تعلیمی و فکری سفر تحریر: بشریٰ اختر خان

Screenshot_2025-11-12_151305

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔
آپکی خبر دعا ان لائین نیوز پر
ڈیجیٹل پاکستان کی سمت پی کے سیگ 2025 میں میرا تعلیمی و فکری سفر

تحریر: بشریٰ اختر خان

گزشتہ ماہ مجھے یہ موقع ملا کہ میں سکھر آئی بی اے ایگزیکٹیو ڈیولپمنٹ سینٹر (ای ڈی سی) میں منعقد ہونے والے “گیارہویں پاکستان اسکول آن انٹرنیٹ گورننس پی کے سیگ 2025 میں شرکت کر سکی۔ یہ چار روزہ پروگرام میرے لیے ایک ایسا تجربہ ثابت ہوا جس نے نہ صرف میری سوچ کو وسعت دی بلکہ انٹرنیٹ کو ایک بالکل نئے زاویے سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

شروع کے چند ہی گھنٹوں میں احساس ہوا کہ انٹرنیٹ محض ایک ٹیکنالوجی نہیں، بلکہ بھروسے، شفافیت اور تعاون پر قائم ایک عالمی نظام ہے۔ اس کے پیچھے بے شمار کردار، تنظیمیں اور پالیسیاں کام کرتی ہیں جو دنیا بھر کے صارفین کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔ پہلے دن کی سرگرمیوں نے یہی سوچ مزید واضح کر دی۔ ہم نے فرضی طور پر ایک ایسی صورتحال پر بحث کی کہ اگر الیکشن کے دوران انٹرنیٹ بند کر دیا جائے تو کیا نتائج سامنے آئیں گے۔ اس مشق سے اندازہ ہوا کہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اور ذمہ داری کا توازن قائم رکھنا کتنا ضروری ہے۔

پروگرام کے دوران ممتاز ماہرین نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔ سر پرویز افتخار، ڈاکٹر محمد مکرم خان (پی ٹی اے)، سری نواس چینڈی (ایپ نیک)، سہر ساگیروغلو (آئی کین)، ڈاکٹر پرینکا بھلہ (میٹا)، سعد حامد (گوگل) اور دیگر ماہرین نے انٹرنیٹ گورننس، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل شمولیت، اور ڈیٹا پرائیویسی جیسے موضوعات پر قیمتی معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر مکرم خان کی گفتگو خاص طور پر متاثرکن تھی جنہوں نے بتایا کہ کس طرح یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے ذریعے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ یہ سن کر احساس ہوا کہ ہر میگا بٹ کا استعمال دراصل قومی معیشت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، اس لیے انٹرنیٹ کا دانشمندانہ استعمال ایک قومی ذمہ داری ہے۔

پروگرام کے تیسرے دن انٹرنیٹ کی تاریخ اور عالمی ڈھانچے پر بات ہوئی۔ ہمیں معلوم ہوا کہ کس طرح آئی پی ایڈریسز، ڈومین نیمز، اور آئی کین، آئی اے این اے ،اور ایپ نیک، جیسی تنظیمیں دنیا بھر کے انٹرنیٹ نظام کو منظم کرتی ہیں۔ یورپ کے جی ڈی پی آر قانون اور پاکستان کے مجوزہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل پر گفتگو کرتے ہوئے ماہرین نے بتایا کہ صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اب ایک بنیادی انسانی حق کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

آخری دن سائبر سیکیورٹی اور عالمی تعاون پر بات ہوئی۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیٹ کو محفوظ، منصفانہ اور شفاف رکھنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ایک جملہ خاص طور پر دل کو چھو گیا:
“انٹرنیٹ کسی ایک کی نہیں، بلکہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”

پروگرام کا سب سے متاثر کن پہلو نوجوانوں کے لیے مواقع پر گفتگو تھی۔ ہمیں بتایا گیا کہ کس طرح نوجوان آئی کین ،نیکسٹ جین، پی کے سیگ، ، اور مختلف فیلوشپ پروگرامز کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ سب مواقع نہ صرف مفت فراہم کیے جاتے ہیں بلکہ ان کے ذریعے نیٹ ورکنگ، لیڈرشپ، اور عالمی فہم و شعور میں اضافہ ہوتا ہے۔

21 اکتوبر کو میٹا کی جانب سے گالا ڈنر کا انعقاد ہوا جس میں مختلف شرکاء سے ملاقات کا موقع ملا۔ تبادلۂ خیال کے ان لمحات نے یہ احساس دلایا کہ علم جب تجربے سے جڑتا ہے تو وہ صرف سمجھ نہیں بلکہ شعور بن جاتا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر جب ہمیں سرٹیفکیٹس اور تحائف دیے گئے تو یوں لگا جیسے یہ صرف کسی تربیتی نشست کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے فکری سفر کا آغاز ہے۔

سکھر آئی بی اے ایگزیکٹیو ڈیویلپمنٹ میں ہونے والا پی کے سیگ 2025 میرے لیے ایک تعلیمی تجربہ سے بڑھ کر ایک بیداری کا پیغام تھا۔ میں نے وہاں یہ جانا کہ انٹرنیٹ دراصل انسانوں کو طاقت دینے کا ذریعہ ہے , اگر ہم اسے مثبت، بامقصد اور بااخلاق انداز میں استعمال کریں۔

میں پی ٹی اے ، گوگل ، میٹا ، پی کے سیگ، ایپ نک، آئی کین سائبر نیٹ, اور تمام منتظمین کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس شاندار موقع کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف سیکھنے بلکہ سوچنے کا بھی موقع دیا۔

آخر میں یہی کہنا چاہوں گی کہ ٹیکنالوجی خود کوئی جادو نہیں، اصل جادو اس کے پیچھے موجود انسان کی نیت، سوچ اور ذمہ داری میں ہے۔
اگر ہم سب مل کر اپنی ڈیجیٹل دنیا کو محفوظ، شفاف اور مثبت بنائیں تو پاکستان واقعی ڈیجیٹل ترقی کی رہنمائی کرنے والا ملک بن سکتا ہے۔