November 17, 2026

نابینا شاگرد سے لوٹ مار اور پولیس کے ناروا سلوک کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

IMG-20251112-WA0206

نابینا شاگرد سے لوٹ مار اور پولیس کے ناروا سلوک کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر بھاڈا تعلقہ ڈھوکری ضلع لاڑکانہ کے رہائشی اور پنجاب یونیورسٹی کے نابینا شاگرد محمد عظیم نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سکھر پولیس کے ناروا سلوک اور لوٹ مار کے واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد عظیم، جو بینائی سے محروم ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پنجاب سے بذریعہ سکھر اپنے گھر لاڑکانہ جانے کے لیے سکھر روہڑی ٹول پلازہ پر گاڑی کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص، جس نے اپنا نام ناد علی بتایا، ان سے آ کر گھل مل گیا۔ملزم نے باتوں باتوں میں خود کو لاڑکانہ جانے والا ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اُس کی گاڑی راستے میں ہے اور وہ دونوں اکٹھے جا سکتے ہیں۔ محمد عظیم کے مطابق، ناد علی نے گاڑی والے کو کال کرنے کے بہانے ان سے موبائل فون مانگا اور ساتھ میں 2 ہزار روپے بھی لے لیے۔ تاہم وہ بہانہ بنا کر موقع سے فرار ہو گیا اور واپس نہ آیا۔محمد عظیم نے مزید بتایا کہ وہ بڑی مشکل سے تھانہ روہڑی پہنچے اور پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا، مگر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے ان کی رپورٹ درج کرنے سے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ وہ جا کر ڈی آئی جی آفس میں رپورٹ کریں۔نابینا شاگرد کے مطابق، وہ نہ صرف معذور ہیں بلکہ ان کے پاس نہ پیسے ہیں اور نہ ہی سواری، ایسے میں ڈی آئی جی آفس جانا ان کے لیے ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا اور ان کی شکایت سننے سے گریز کیا۔محمد عظیم نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی ہے کہ لوٹے گئے موبائل فون اور نقد رقم فوری طور پر برآمد کرائی جائے، جبکہ ملوث ملزم اور غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی معذور یا عام شہری کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ پیش نہ آئے۔