November 17, 2026

سکھر پولیس کی کامیاب کارروائی، تھانہ کندرا کی حدود میں قتل کیس کے دو ملزمان گرفتار

IMG-20251112-WA0207

سکھر پولیس کی کامیاب کارروائی، تھانہ کندرا کی حدود میں قتل کیس کے دو ملزمان گرفتار

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سکھر پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کندرا کی حدود میں پیش آنے والے قتل کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ رات سم نالہ کے قریب گھریلو تنازع کے باعث فائرنگ کے نتیجے میں نذیر احمد بررڑو جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ملزمان لاش کو کجھی کے باغ میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کندرا کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ایس ایس پی سکھر کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کندرا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ علاقے میں بھرپور چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے نتیجے میں قتل میں ملوث دونوں مرکزی ملزمان شعیب بررڑو اور گل محمد بررڑو کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے قتل کیس میں فوری گرفتاری پر پولیس ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سکھر پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور جرائم پیشہ عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔