سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سول اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آگیا
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سول اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آگیا، جہاں اسپتال کے میڈیکل یونٹ ون میں زیرِ علاج 60 سالہ خاتون کے اوپر اچانک پیڈسٹر فین گرنے سے خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق، سرحد کے گاؤں عمر ڈرھو کی رہائشی ضعیف العمر خاتون فاطمہ علاج کی غرض سے سکھر سول اسپتال کے میڈیکل یونٹ ون میں داخل تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، اچانک وارڈ کی چھت سے نصب پیڈسٹر فین تیز آواز کے ساتھ خاتون کے اوپر آ گرا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئیں اور وارڈ میں موجود دیگر مریضوں اور تیمارداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال عملے نے آپریشن تھیٹر منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق فاطمہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون کے سر اور چہرے پر گہری چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ حرکت میں آگئی اور متعلقہ یونٹ کے انچارج کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ طلب کرلی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق، پرانے وارڈز میں لگے برقی آلات کی حالت خستہ ہے، اور اس سے قبل بھی متعدد بار ان کی مرمت یا تبدیلی کے لیے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔عوامی حلقوں اور مریضوں کے تیمارداروں نے سول اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف انکوائری کرائی جائے، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اور اسپتال کے پرانے برقی آلات کو فوری طور پر تبدیل کر کے مریضوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور زخمی خاتون کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔