سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)ہائی کورٹ سکھر بنچ نے خانگی اسکولوں میں یتیم اور
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)ہائی کورٹ سکھر بنچ نے خانگی اسکولوں میں یتیم اور غریب بچوں کی فیس معافی اور سرکاری ملازمین کی اسکول انتظامیہ میں مداخلت پر سخت سوالات اٹھا دیے۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ، جس کی سربراہی جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس عبدالحامد بھرگری کر رہے ہیں، نے آئینی درخواست کی سماعت کی جس میں تعلیم کے سرکاری ملازمین کی جانب سے پرائیویٹ اسکول چلانے کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔عدالت نے سیکریٹری تعلیم کی غیر حاضری پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری تعلیم ملک سے باہر ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ جس افسر کو عدالت طلب کرتی ہے، وہ باہر چلا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ یہ پانچواں افسر ہے جو عدالت میں حاضر نہیں ہوا، اس پر شوکاز نوٹس کیوں نہیں جاری کیے گئے۔بعد ازاں، سرکاری وکیل نے عدالت کو مطلع کیا کہ اسپیشل سیکریٹری جنید احمد شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے راہنی پور کے سرکاری ملازم انیل حیدر میمن کے خانگی اسکول چلانے کے معاملے پر اسپیشل سیکریٹری سے سوال کیا، جس پر تصدیق کی گئی کہ یہ درست ہے، تاہم تعلیم کے محکمے نے کارروائی کرتے ہوئے اس اسکول کو بند کروا دیا ہے۔عدالت نے پوچھا کہ سرکاری ملازم کے خلاف کیا اقدام کیا گیا اور کیوں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس دوران عدالت نے صوبے میں خانگی اسکولوں کی تعداد، ان میں پرائمری، مڈل اور ہائر سیکنڈری کی فعال حیثیت، انرولمنٹ کی تعداد، یتیم و غریب بچوں کے لیے مفت تعلیم کی فراہمی، 10 فیصد یتیم و غریب بچوں کی داخلہ پالیسی پر عمل درآمد، اور اسکالرشپ یا سرکاری وظیفہ کے میکانزم کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں۔رفیہ ملاح نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خانگی اسکولوں کے حوالے سے مربوط پالیسی تیار کی جا رہی ہے اور تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت کی درخواست کی۔ عدالت نے درخواست قبول کرتے ہوئے سماعت کو یکم دسمبر تک ملتوی کر دیا۔