November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے “سکھر ایکسپریس” کی خستہ حالت پر گہری تشویش کا اظہار

Screenshot_2025-11-10_125820

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے “سکھر ایکسپریس” کی خستہ حالت پر گہری تشویش کا اظہار
سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر محمد خالد کاکیزئی، سینئر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس، کنوینر ریلویز کمیٹی خورشید اعظم شمسی و دیگر نے وفاقی وزیر برائے ریلوے سے مطالبہ کرتے ہوئے “سکھر ایکسپریس” کی انتہائی خراب حالت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کو اراکین اور شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ سکھر ایکسپریس کی اے سی اور اکانومی کلاس کی بوگیاں اکثر کراچی اسٹیشن پر ہی منقطع کر دی جاتی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے، عدم مینٹیننس کے باعث پنکھے اور لائٹس اکثر خراب رہتی ہیں، واش رومز غیر تسلی بخش حالت میں ہیں، اور اکثر دروازے لاک نہیں ہوتے۔ مزید برآں، اے سی اور اکانومی کلاس کی بوگیوں میں کیڑے مکوڑوں کی بہتات بھی مسافروں کے لیے تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکھر ایکسپریس (اپ و ڈاؤن) کے لیے نئی کوچز فراہم کی جائیں کیونکہ یہ ٹرین سکھر اور گردونواح کے کاروباری طبقے اور شہریوں کے لیے واحد ریلوے رابطہ ہے۔ ٹرین ہر بار مکمل بکنگ کے ساتھ چلتی ہے، جس سے حکومت کو خاطر خواہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔سکھر چیمبر نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پنجاب کی ٹرینوں میں سکھر چیمبر کے اراکین کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے روہڑی اسٹیشن پر ضعیف اور بیمار مسافروں کیلئے لفٹ کی سہولت فراہم کی جائے جو صرف متعلقہ افراد کے لیے آپریٹر کے ذریعے چلائی جائے، روہڑی اور سکھر کے گڈز پارسل دفاتر کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ کاروباری برادری اور عوام کو سہولت میسر آ سکے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے اس اہم عوامی و تجارتی مسئلے پر فوری توجہ دیتے ہوئے ضروری اقدامات کریں گے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور پاکستان ریلوے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔