اسلام آباد کچہری میں بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ امجد علی خان نیازی
دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس و اظہار تعزیت کرتے ہیں۔سیاسی کوآرڈینیٹر ٹو عمران خان
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سیاسی کوآرڈینیٹر و سابق رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نیازی نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلع کچہری میں آج ہونے والا خودکش دھماکہ ایک نہایت دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ہمارے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے نہ صرف انصاف کے ایوانوں کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ پورے معاشرے کے امن و استحکام کو متزلزل کرتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سیاسی کوآرڈینیٹر و سابق رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نیازی نے اپنی تعزیتی بیان میں کہا کہ ہم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے مطالبہ ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز پاکستان کو ہر فتنے، دہشت گردی اور خونریزی سے محفوظ فرمائے۔ آمین









