November 17, 2026

ڈومکی قبیلے کے معززین جوانوں اور بزرگوں کا عظیم الشان اجتماع۔ فروغِ تعلیم اور خدمتِ انسانیت کنونشن — ڈومکی قبیلے کے اتحاد و وحدت کا مظہر

IMG-20251109-WA0157

ڈومکی قبیلے کے معززین جوانوں اور بزرگوں کا عظیم الشان اجتماع۔ فروغِ تعلیم اور خدمتِ انسانیت کنونشن — ڈومکی قبیلے کے اتحاد و وحدت کا مظہر

جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ)
ال ڈومکی اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین، جیکب آباد میں فروغِ تعلیم اور خدمتِ انسانیت مرکزی قومی کنونشن منعقد ہوا۔
کنونشن کے مہمانِ خاص ممتاز قبائلی رہنما سردار زادہ میر حیر بیار خان ڈومکی جبکہ اعزازی مہمان میر شاہ علی خان ڈومکی تھے۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین ال ڈومکی اتحاد پاکستان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خاص سردار زادہ میر ہیر بیار خان ڈومکی نے کہا کہ ڈومکی قبیلے کے درمیان اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم باہمی محبت، اعتماد اور اتفاق سے متحد ہوں گے تو کوئی بیرونی طاقت ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسرے قبائل کے ساتھ بھی امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا رشتہ مضبوط کرنا چاہیے تاکہ پورا علاقہ محبت و ہم آہنگی کا گہوارہ بن سکے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج کا دن حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی ولادت کا دن ہے — وہ اقبال جنہوں نے امتِ مسلمہ کو عشقِ رسول ﷺ اور عشقِ آلِ رسولؑ کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ سردار چاکر خان ڈومکی بھی عاشقِ رسول ﷺ تھے، جن کا یہ جملہ مشہور تھا کہ “نبی ﷺ کے نام لیوا غم سے گھبرایا نہیں کرتے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ جیکب آباد میں ڈومکی قبیلے کے معززین، نوجوانوں اور بزرگوں کا یہ تاریخی اجتماع ہماری وحدت، بیداری اور اجتماعی شعور کی علامت ہے۔
ہم سب ال ڈومکی اتحاد کے پلیٹ فارم سے اپنی قوم، قبیلے اور وطنِ عزیز پاکستان کی خدمت کے لیے سرگرم ہیں،
اور ہمارا پیغام امن، محبت، احترامِ انسانیت اور تعلیم کے فروغ کا پیغام ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میر شاہ علی خان ڈومکی نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور برادری کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومکی قبیلے کی تاریخ شجاعت، خدمت اور وقار سے بھرپور ہے۔

کنونشن کے آغاز پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سردار زادہ میر حیر بیار خان ڈومکی کو سندھ کی ثقافتی اجرک کا تحفہ پیش کیا،
جبکہ وائس چیئرمین ال ڈومکی اتحاد حاجی شاہ مراد خان ڈومکی نے اعزازی مہمان میر شاہ علی خان ڈومکی کو اجرک پیش کی۔
کنونشن سے مرکزی جنرل سیکریٹری استاد عبدالفتاح ڈومکی ضلعی صدر منصب علی ڈومکی یوتھ ونگ کے صدر مظفر خان ٹالانی ڈومکی حاجی سیف علی ڈومکی احمد علی ٹالانی ڈومکی گل حسن خان ٹالانی و دیگر نے خطاب کیا۔
اجتماع میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ڈومکی قبیلے کے معززین، نوجوانوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی
اور اتحاد، وحدت اور بھائی چارے کے عزم کا اظہار کیا۔