November 17, 2026

سکھر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں، شہری عدم تحفظ کا شکار پولیس خاموش تماشائی

Screenshot_2025-11-08_120504

سکھر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں، شہری عدم تحفظ کا شکار پولیس خاموش تماشائی
شہر میں ڈکیتی، چوری اور اسنیچنگ کے واقعات معمول بن گئے، شہریوں میں تشویش کی لہر

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)کبھی امن و سکون کا گہوارہ کہلانے والا سکھر شہر اب جرائم پیشہ عناصر کے نشانے پر آ گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آئے روز ڈکیتی، چوری اور اسنیچنگ کی وارداتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اب کسی بھی مقام پر شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے مطمئن نہیں رہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسٹیڈیم کے باہر سے عبدالقدوس میمن نامی نوجوان کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود تاحال نہ تو ملزمان گرفتار ہوئے ہیں اور نہ ہی موٹر سائیکل برآمد کی جا سکی ہے۔شہر کے مختلف علاقوں گھنٹہ گھر، بندر روڈ، نیا گوٹھ، غریب آباد، اور باری اسٹیشن کے قریب چوری اور چھینت چھپٹ کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کئی شہری اپنی حلال کی کمائی سے حاصل کردہ موٹر سائیکلوں، موبائل فونز اور نقد رقم سے محروم ہو چکے ہیں۔سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری حلقوں میں ان بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ پولیس کی نااہلی کے باعث جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بے خوف و خطر کارروائیاں کر رہے ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے گشت میں کمی، ناکافی چوکیاں اور تفتیشی نظام کی کمزوری کے باعث سکھر میں جرائم کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ شہریوں نے ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا بحال ہو سکے۔شہریوں کا کہنا ہے آخر کب تک معصوم شہری اپنی حلال کی کمائی کو یوں لٹتا دیکھتے رہیں گے؟