42

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی محکمہ صحت کی کارکردگی پر شدید برہمی، چیف سیکریٹری کی غیر حاضری پر نوٹس

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی محکمہ صحت کی کارکردگی پر شدید برہمی، چیف سیکریٹری کی غیر حاضری پر نوٹس

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے محکمہ صحت سندھ کی ناقص کارکردگی اور عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کی غیر حاضری پر بھی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر عدالت کے احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں محکمہ صحت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ چیف سیکریٹری سندھ مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات کو نظرانداز کرنا سنگین غفلت کے مترادف ہے۔سماعت کے دوران سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ڈی جی ہیلتھ، ایم ایس سول اسپتال سکھر اختیار میرانی اور دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت صرف کاغذی کارروائیوں اور رپورٹس کے ذریعے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ عملی طور پر عوامی سطح پر کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کروڑوں روپے مالیت کی دوائیں کس کے حکم پر خریدی گئیں؟ اور صحت کے منصوبوں کے لیے جاری ہونے والے فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں۔عدالت نے مزید کہا کہ عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے صحت کے شعبے کے لیے جاری کیے جانے والے کروڑوں روپے کے فنڈز بھی عوام تک نہیں پہنچ رہے، جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔عدالت نے محکمہ صحت سندھ کو حکم دیا کہ اگلی سماعت تک تفصیلی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے تاکہ فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی شفافیت کا جائزہ لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں