November 17, 2026

سندھ ہائی کورٹ بینچ میں صحت سہولیات کی عدم فراہمی اور اربوں روپے کی دواؤں کی خریداری میں کرپشن کیس کی سماعت — چیف سیکریٹری کی غیرحاضری پر عدالت کا شدید اظہارِ برہمی

IMG-20251108-WA0299

سندھ ہائی کورٹ بینچ میں صحت سہولیات کی عدم فراہمی اور اربوں روپے کی دواؤں کی خریداری میں کرپشن کیس کی سماعت — چیف سیکریٹری کی غیرحاضری پر عدالت کا شدید اظہارِ برہمی

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صحت سہولیات کی کمی اور اربوں روپے مالیت کی ادویات کی خریداری میں مبینہ کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کی غیرحاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “چیف سیکریٹری کے لیے عدالت سے زیادہ اہم مصروفیات کون سی ہوسکتی ہیں؟ کیا وہ نہیں جانتے کہ عدالت نے انہیں طلب کیا ہے؟ کیا ان کے خلاف آرڈر پاس کرکے انہیں عدالت کے اختیارات سے آگاہ کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس ریاضت علی پر مشتمل ڈبل بینچ نے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اربوں روپے کی دواؤں کی خریداری اور عوام کو بنیادی صحت سہولیات فراہم نہ کرنے کے خلاف ایڈووکیٹ شبیر شر کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران سیکریٹری صحت سندھ ریحان بلوچ، ڈی جی ہیلتھ، ڈی جی پروکیورمنٹ سمیت مختلف اضلاع کے ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران عدالت میں پیش نہ ہوئے۔عدالت نے سماعت کے آغاز پر چیف سیکریٹری سندھ کی عدم حاضری پر استفسار کیا تو عدالت کو بتایا گیا کہ وہ مصروف ہیں جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر چیف سیکریٹری عدالت میں پیش ہوتے تو ان سے استفسار کیا جاتا کہ سیکریٹری صحت نے اربوں روپے کی ادویات کس کے کہنے اور اجازت سے خریدیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ موجودہ سیکریٹری صحت نااہل اور غیر موزوں ہیں۔ 2022 کے آرڈیننس کے مطابق سیکریٹری صحت کا 21 ویں گریڈ کا افسر ہونا لازمی ہے، جب کہ موجودہ سیکریٹری 20 ویں گریڈ کے افسر ہیں۔ اس پر عدالت کو بتایا گیا کہ بجٹ بُک میں اس بات کی اجازت موجود ہے کہ سیکریٹری صحت 20 ویں گریڈ کا بھی مقرر کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے موقع پر موجود سیکریٹری صحت ریحان بلوچ سے استفسار کیا کہ کیا انہیں علم ہے کہ سکھر میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کے قریب 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ سرکاری ادویات برآمد کی گئی ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں اس معاملے کی اطلاع ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی ادارے صحت کے شعبے میں کروڑوں روپے فراہم کرتے ہیں مگر ان فنڈز کا درست استعمال کرنے کے بجائے انہیں بھی خوردبرد کرلیا جاتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ “صرف کاغذی کارروائی کے ذریعے عدالت کو گمراہ کیا جارہا ہے، جب کہ عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔سماعت کے دوران فریقین کے وکلا نے اپنے دلائل مکمل کیے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔