159

ملک مجاہد حسین بگھور، بطور ہردلعزیز تاجر راہنما تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ملک مجاہد حسین بگھور، بطور ہردلعزیز تاجر راہنما

تحریر: راجہ نورالہی عاطف

رنگپوربگھور کی سرزمین ہمیشہ ایسے افراد کو جنم دیتی رہی ہے جنہوں نے اپنی محنت، خلوص اور عوامی خدمت کے جذبے سے علاقے کا نام روشن کیا۔ انہی درخشاں شخصیات میں ایک نمایاں نام ملک مجاہد حسین بگھور کا ہے، جو معروف قانوندان و سماجی شخصیت ملک غلام عباس بگھور کے چھوٹے بھائ ہیں۔ ملک مجاہد حسین بگھور اس وقت صدر انجمن دکانداراں رنگپوربگھور کے منصب پر فائز ہیں۔ اپنی دیانتداری، عملیت پسندی اور وسیع النظر قیادت کی بدولت انہوں نے نہ صرف دکاندار برادری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ رنگپوربگھور کے تجارتی ماحول کو ایک نئی سمت عطا کی ہے۔ ملک مجاہد حسین بگھور کا شمار علاقہ تھل کے معروف برادری بگھور کی سرکردہ شخصیات میں ہوتا ہے ۔ وہ ایک بہترین شاہ سوار بھی ہیں بگھور نیزہ بازی کلب آف پاکستان کے صدر کے طور پر بھی نامور ہیں ۔ جس کے تحت ملک بھر میں نیزہ بازی کے مقابلوں میں علاقہ تھل کی نمائندگی کی جاتی ہے ۔
ملک مجاہد حسین بگھور نے آغاز ہی سے عملی زندگی میں ایمانداری کو شعار بنایا۔ وہ کاروبار کو محض معاشی سرگرمی نہیں بلکہ خدمتِ خلق کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک ایک کامیاب تاجر وہی ہے جو نفع سے زیادہ اعتماد کمائے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہر سطح پر انصاف، توازن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
انجمن دکانداراں کی قیادت سنبھالنے کے بعد ملک مجاہد حسین بگھور نے متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے۔ تاجر برادری سے قریبی رابطہ رکھا ہوا ہے ان کی مشکلات میں کمی لانے کی ہرممکن کوشش کرتے ہیں۔ رنگپور لاری اڈہ سے ملحقہ دکانوں اور ان کے گردونواح میں صفائی کے نظام کی بہتری، چوک میں پارکنگ کے مسائل کا حل، تجاوزات کے خاتمے، اور صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی کو فروغ دینے جیسے عملی اقدامات نے ان کی قیادت کو عوامی سطح پر انتہائی مقبول بنایا ہے۔ ملک مجاہد حسین بگھور صلحجو طبعیت کے مالک ہیں اپنے تاجر طبقہ کے درمیان تلخیوں کو ختم کرانے کےلیے ان کا کردار نہ صرف مثالی ہے بلکہ قابل صد ستائش ہے جسے عوامی سماجی اور تجارتی حلقوں کی طرف سے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔ وہ ہر چھوٹے بڑے تاجر کے مسائل کو اپنی ذات کا مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ملک مجاہد حسین بگھور کی قیادت میں انجمن دکانداراں نہ صرف ایک منظم تنظیم بن چکی ہے بلکہ مقامی اور تحصیل انتظامیہ نورپورتھل کے ساتھ بہترین روابط بھی قائم ہیں۔ وہ ہر موقع پر تاجر برادری کی نمائندگی بڑے وقار اور دلیل کے ساتھ کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اتحاد ہی وہ قوت ہے جو کسی بھی طبقے کو مضبوط بناتی ہے، اسی لیے وہ دکانداروں میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔
ان کی عوامی مقبولیت کا راز ان کا نرم لہجہ، مثبت سوچ، اور خدمتِ خلق سے محبت ہے۔ وہ ہر تقریب، ہر مشکل وقت اور ہر سماجی سرگرمی میں صفِ اول میں نظر آتے ہیں۔ ان کے بقول، “دکاندار صرف کاروبار نہیں کرتے، وہ شہر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اس لیے ان کی بھلائی دراصل پورے علاقے کی خوشحالی ہے۔”
ملک مجاہد حسین بگھور کا ویژن واضح ہے — ایک ایسا رنگپوربگھور جہاں تجارت دیانت کی علامت بنے، اور دکاندار برادری کو عزت، سہولت اور تحفظ میسر ہو۔ انہی خوبصورت عزائم اور مخلصانہ جذبے نے انہیں نہ صرف تاجر طبقے کا لیڈر بنایا بلکہ ایک عوامی خدمت گار کے طور پر بھی روشناس کرایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں