اوکاڑہ: پنجاب حکومت کے نئے eBiz پروگرام(electronics businesses portal) پر آگاہی سیمینار، تاجر برادری اور صنعتکاروں کی بھرپور شرکت
اوکاڑہ (جاوید راہی بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت کے جدید eBiz پروگرام کے حوالے سے آگاہی سیمینار ای لائبریری اوکاڑہ میں منعقد کیا گیا۔ سیمینار کے کنوینر خالد جاوید بھٹی ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز تھے، جنہوں نے پروگرام کے مقاصد اور اس کے عملی نفاذ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سیمینار میں صدر انجمن تاجران شیخ ریاض، صدر رائس ٹریڈرز ایسوسی ایشن رانا عبدالباسط، سینیئر جنرل مینجر چوہدری جاوید کاہلوں، صدر پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن چوہدری محمد اعظم، دیگر تاجر رہنماؤں، صنعتکاروں اور ملز مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے کاروباری حلقوں کی بھرپور دلچسپی کا اظہار ہوا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کا نیا eBiz پروگرام صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پروگرام کے تحت 52 سے زائد NOC، پرمٹس اور لائسنس اب گھر بیٹھے صرف چند کلکس کے ذریعے آن لائن حاصل کیے جا سکیں گے۔ اس سہولت سے نہ صرف عوام کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ سرکاری دفاتر میں چکر لگانے کی زحمت اور غیر ضروری تاخیر بھی ختم ہوگی۔
سیمینار میں حکومتِ پنجاب کے Ease of Doing Business اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ eBiz کا آغاز کاروباری ماحول کو آسان، مؤثر اور شفاف بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے ضلعی اور صوبائی سطح پر تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
شرکاء نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کاروباری طبقے کے دیرینہ مسائل کا حل اور جدید ڈیجیٹل سروسز کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
اختتام پر کنوینر خالد جاوید بھٹی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجر برادری کا تعاون حکومتی اصلاحات کو کامیاب بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔