22

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)ڈی آئی جی پی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)ڈی آئی جی پی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی زیر صدارت خیرپور پولیس ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس ہال میں ایک اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی خیرپور حسن سردار نیازی، ضلع بھر کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ایس ایس پی آفس خیرپور کے تمام ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، منشیات کے خلاف کارروائیوں، اشتہاری اور روپوش ملزمان کی گرفتاریوں سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی آئی جی سکھر رینج نے اجلاس میں متعدد ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام آرگنائزڈ کرائم، منشیات فروشی، بھتہ خوری، اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ دہشت گردی اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری و روپوش ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان، پروکلیمڈ آفینڈرز (POs) اور ایبسکونڈرز (Absconders) کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے مزید کہا کہ ہر ماہ منشیات، منظم جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارکردگی رپورٹ کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا، جب کہ غفلت یا لاپرواہی برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ وہ PSRMS سسٹم پر مزید توجہ دیں، جائے وقوعہ کا خود معائنہ کریں اور تفتیشی عمل کو جدید خطوط پر استوار کریں۔ ساتھ ہی بھتہ خوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا۔علاوہ ازیں، ڈی آئی جی سکھر رینج نے خیرپور پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس موبائلز کی انسپکشن رپورٹ کا جائزہ لیا اور ایس ایس پی خیرپور کی جانب سے پولیس موبائلز کے لیے فراہم کردہ نئے ٹائرز ڈرائیورز میں تقسیم کیے۔آخر میں ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے جرائم کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کو CC-II تعریفی سرٹیفیکیٹ پیش کیے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت محکمہ جاتی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں