*🌈ملکی توانائی کے شعبے کا تاریخ ساز دن؛ سب سے بڑے امریکی تیل بردار جہاز کی پاکستان آمد*
کراچی: امریکی کروڈ آئل شپ کی پاکستان آمد سے ملکی توانائی کے شعبے میں تاریخ ساز دن قرار دیا جا رہا ہے۔
ملک میں پہلا امریکی خام تیل کا کارگو بحری جہاز ایم ٹی پیگاسس ،سنرجیکو (Cnergyico) کمپنی کے آئل ٹرمینل پر آج برتھ ہوگا۔ ایم ٹی پیگاسس پاکستانی بندرگاہوں پر پہنچنے والا سب سے بڑا امریکی تیل بردار بحری جہاز ہے۔
سنرجیکو نے پاکستان میں پہلی بار 10لاکھ بیرل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل درآمد کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی پاک امریکا تجارتی معاہدے کے بعد خام تیل کی درآمد کا آغاز ہوگیا ہے۔ سنرجیکو آئل کمپنی امریکی تیل کا جہاز بلوچستان میں اپنے آئل ٹرمینل پر لے کر آ رہی ہے۔
تازہ پیش رفت کے بعد سنرجیکو امریکا سے خام تیل درآمد کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ سنرجیکو کی جانب سے امریکی خام تیل کی پہلی درآمد سے پاک امریکا تجارتی تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگیا۔









