34

سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) کمشنر سرگودھا ڈویژن ملک جہاں زیب اعوان نے کہا ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں

سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) کمشنر سرگودھا ڈویژن ملک جہاں زیب اعوان نے کہا ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ ترقی یافتہ قومیں اسی بل بوتے پر دنیا سے ممتاز ہیں۔ تعلیمی ادارے ہمارا مستقبل سنوارنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو تربیت سے بھی بہرہ ور کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر۱ سرگودھا کے تعمیری پراجیکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی طاہر، سیکرٹری فہیم احمد بٹ ،ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، وقاص ظفر ،عقیل صاحب،رئیس ادارہ میاں جاوید افضل ، سی ای او ایجوکیشن محترمہ کلثوم منشا اور دیگر بھی موجود تھے ۔کمشنر سرگودھا ڈویژن ملک جہانزیب اعوان نے اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیر انتظام سوا کروڑ روپے سے تعمیر ہونے والے مختلف پروجیکٹس دیکھے۔ انھوں نے اس امر پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل طالب علموں نے ایک ایسا تاریخی کام انجام دیا ہے جو دوسرے سربراہان اداروں کے لیے ایک مثال ہے۔میاں جاوید افضل نے تندہی اور جنون سے ادارے کی ترقی کو یقینی بنایا ہے ۔ دنیا میں کوئی کام ناممکن نہیں ۔ اس کے لیے لگن اور جذبے کی ضرورت ہے ۔ کمشنر سرگودھا نے مختلف کلاس رومز میں طالب علموں کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے کئی سوالات کیے اور انھیں تسلی بخش قرار دیا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور میاں جاوید افضل نے لائبریری ،واٹر پلانٹ ، مسجد اور تمام لیبارٹریوں کے بارے میں کمشنر سرگودھا کو بریفنگ دی۔ انھوں نے ان میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ سی ای او ایجوکیشن سرگودھا کلثوم منشا نے بھی گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر ۱ سرگودھا کوحقیقی معانی میں نمبر ون ادارہ قرار دیا۔ اُنھوں نے تعمیری پروجیکٹس کی تعریف کی اور فارغ التحصیل طالب علموں کی اپنے ادارے سے وابستگی کو سراہا۔ ملک جہاں زیب اعوان نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ تربیت کو اپنا شعار بنائیں۔ تربیت کے بغیر تعلیمی مقاصد پورے نہیں ہو سکتے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر۱ سرگودھا پورے ڈویژن میں اپنی مثال آپ ہے۔ علم و اَدب سے تعلق رکھنے والی کئی عظیم شخصیات نے اس ادارے سے فیض حاصل کیاہے۔ ڈاکٹر تبسم نے کہا کہ احساس کے بغیر زندگی بے سود ہے جو لوگ احساس کی دولت رکھتے ہیں وہ دنیا میں ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں۔میاں محمد افضل جاوید کی طرح مشن سے لگن اور جوش جذبہ ناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے ۔ کمشنر سرگودھابچوں اور اساتذہ کرام سے گھل مل گئے اور دیگر اداروں کو بھی اس ادارے کے نقوش پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
-٭-
سرگودھا( ) ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے کلام سے خوابیدہ قوم کو بیدار کیا۔ انھوں نے نظریہ خودی کے بل بوتے پر ایک فعال ریاست کا خواب دیکھا۔ انھوں نے نوجوانوں کو شاہین صفت بننے کا مشورہ دیا۔ اِن خیالات کا اظہار ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے یونیورسٹی آف سرگودھا ریڈیو FM 98.2 میں اپنے خصوصی انٹرویومیں گفت گو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میزبان پرنسپل زرعی کالج یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نور کا تھے۔ ڈاکٹرتبسم نے مزید کہا کہ اقبال کا کلام عمل کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں باتوں سے اپنے خلوص کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔ زندگی عمل سے عبارت ہے جو لوگ دوسروں کو اذیت پہنچاتے ہیں وہ کبھی خوش نہیں رہ سکتے۔ دوسروں کے لیے قربانی دینے والے ہمیشہ ہشاش بشاش رہتے ہیں ۔اقبال ہماری پہچان ہیں اور اس پہچان کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر ایجاز رسول نور کا نے کہا کہ ہم نے اقبالیاتی فروغ کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہے۔ 42اقبالیاتی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے فروغ فکر اقبال میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اقبال ہر دور کے شاعر ہیں ۔امت مسلمہ سے ان کی محبت ناقابل تردید ہے۔ اقبال نے امید کا درس دیا اور نوجوانوں کو شاہین کی طرح محو پرواز رہنے کا مشورہ دیا۔ یہ پروگرام براہ راست دکھایا گیا ۔سامعین نے پروگرام کے بارے میں مثبت آراءکا مظاہرہ کیا۔
-٭-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں