سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) ڈسٹرکٹ کونسل سکھر میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) ڈسٹرکٹ کونسل سکھر میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے دیوالی کا کیک کاٹ کر تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔تقریب میں ممبر ضلع کونسل امیتابھ بچن سمیت اقلیتی اراکین، سول سوسائٹی نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران خوشیوں کا تبادلہ کیا گیا اور پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد اور روایات کے مطابق آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے اور اپنے تہوار منانے کا پورا حق حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر طبقۂ فکر کے لوگ اقلیتوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن، روادار اور محبت کرنے والا معاشرہ ہے۔کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ دیوالی کا پیغام روشنی، امید، خیر اور انسانیت سے محبت کا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اس پیغام کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنائیں تاکہ معاشرہ امن و ہم آہنگی کی راہ پر گامزن ہو۔