سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ، سہیل راجپوت کی خصوصی ہدایت پر، محتسبِ اعلیٰ سندھ کے مشیر سید علی ممتاز زیدی نے سکھر سرکٹ ہاؤس میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی
سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ، سہیل راجپوت کی خصوصی ہدایت پر، محتسبِ اعلیٰ سندھ کے مشیر سید علی ممتاز زیدی نے سکھر سرکٹ ہاؤس میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سکھر اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شکایت گزاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف محکموں کے خلاف زبانی و تحریری شکایات پیش کیں۔ کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے تنخواہیں نہ ملنے، برسوں سے رکی ہوئی پنشن، معذور کوٹے کے تحت ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود ملازمتیں نہ ملنے، صفائی ستھرائی، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔ مشیر سید علی ممتاز زیدی نے عوامی شکایات بغور سنیں اور کئی معاملات پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنا اور انصاف فراہم کرنا محتسب ادارے کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا ہر شکایت کا فوری اور شفاف انداز میں ازالہ کیا جائے گا. انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کھلی کچہریوں کا مقصد عوام تک انصاف کو اُن کے دروازے تک پہنچانا ہے، جہاں ہر شہری بغیر کسی سفارش اور تاخیر کے اپنی شکایت پیش کر سکتا ہے۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جن میں تعلیم، لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن ورکس، پولیس، آبپاشی، ریونیو اور خزانہ سمیت دیگر محکموں کے نمائندے شامل تھے۔ مشیر نے انہیں ہدایت کی کہ عوامی مفادات سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، بصورت دیگر غفلت برتنے والے افسران کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مشیر صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ سید علی ممتاز زیدی نے کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا شفاف طریقے سے ازالہ کیا جا رہا ہے اور ہر شکایت پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام اور ادارے کے درمیان براہِ راست رابطے کا مؤثر ذریعہ ہیں، جہاں لوگ بغیر کسی سفارش اور تاخیر کے اپنے مسائل بیان کرتے ہیں۔ مشیر سید علی ممتاز زیدی نے مزید کہا کہ عوامی مفادات سے متعلق کسی بھی معاملے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ کا ادارہ عوام کو اُن کے حقوق دلانے کے لیے ہر سطح پر متحرک ہے، اور اس نوعیت کی کھلی کچہریاں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری رہیں گی۔ سید علی ممتاز زیدی نے بتایا کہ 16 سال سے زیرِ التوا کے ایم سی پلاٹ کے تنازعے کو صرف 16 دنوں میں حل کیا گیا، جو ادارے کی کارکردگی کی واضح مثال اور ریکارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا محتسب ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ آج کی کھلی کچہری میں بھی کچھ شکایت گزاروں کی پنشن، رکی ہوئی تنخواہوں، نیو سکھر ٹاؤن شپ میں ملکیتی حقوق، صفائی ستھرائی، پارک کی تعمیر، تعلیمی اداروں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات پر متعلقہ افسران کو آن بورڈ رکھتے ہوئے مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔