November 17, 2026

*اے ایمان والو! پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جاؤ* بدھ 22 اکتوبر 2025 ✍️ انجینیئر نذیر ملک، سرگودھا

Screenshot_2025-10-21_072224

*اے ایمان والو! پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جاؤ*

بدھ 22 اکتوبر 2025
✍️ انجینیئر نذیر ملک، سرگودھا

ارشادِ باری تعالیٰ:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ادْخُلُوا فِی السِّلْمِ كَآفَّةً۔(البقرہ: 208)
ترجمہ:
*اے ایمان والو! پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جاؤ*

ہمارے وطنِ عزیز پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تو الحمدللہ بہت زیادہ ہے، مگر افسوس کہ معیاری مسلمان کم ہیں۔
اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اسلام کے بجائے فرقوں میں بٹ چکے ہیں، بلکہ اب تو فرقہ در فرقہ تقسیم ہو گئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا:
كُلُّ حِزْبٍۭ بِمَا لَدَیْهِمْ فَرِحُونَ۔
(سورۃ المؤمنون: 53)
ہر گروہ اسی پر خوش ہے جو اس کے پاس ہے۔

ہمارے علما کرام اپنی اپنی مساجد اور مدارس میں اپنے مکتبِ فکر کے مطابق دین بیان کر رہے ہیں، مگر افسوس کہ مکمل اسلام کی دعوت بہت کم دی جا رہی ہے۔

*دین کی اصل بنیاد۔ قرآن و سنت*
ہم میں سے اکثر لوگ اپنی عبادتوں اور نیکیوں پر مطمئن ہیں، مگر کبھی غور نہیں کرتے کہ کیا ہمارے اعمال قرآن و سنت کے مطابق ہیں یا نہیں۔
بسا اوقات انسان کسی بدعت میں مبتلا ہوتا ہے اور اسے نیکی سمجھ کر کرتا رہتا ہے، یہاں تک کہ پوری زندگی اسی گمان میں گزر جاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
قُلْ هَلْ نُنَبِّئُكُم بِالْأَخْسَرِینَ أَعْمَالًا۔ الَّذِینَ ضَلَّ سَعْیُهُمْ فِی الْحَیَاةِ الدُّنْیَا وَهُمْ یَحْسَبُونَ أَنَّهُمْ یُحْسِنُونَ صُنْعًا۔
(سورۃ الکہف: 103-104)

کہہ دو، کیا ہم تمہیں بتائیں کہ اعمال کے لحاظ سے سب سے زیادہ خسارے میں کون ہیں؟ وہ جن کی ساری کوشش دنیا کی زندگی میں ضائع ہو گئی اور وہ سمجھتے رہے کہ وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔

*اے ایمان والو! پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جاؤ*
اندھی تقلید — زوال کی بنیاد

آج مسلمان کا حال یہ ہے کہ اس نے اپنے پیشواؤں کو حرفِ آخر سمجھ لیا ہے۔

قرآن کریم ہمیں متنبہ کرتا ہے:

وَإِذَا قِیلَ لَهُمُ اتَّبِعُوا مَا أَنزَلَ اللَّهُ قَالُوا بَلْ نَتَّبِعُ مَا أَلْفَیْنَا عَلَیْهِ آبَاءَنَا۔
(سورۃ البقرہ: 170)
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اللہ کا نازل کردہ دین مانو تو کہتے ہیں کہ ہم تو اس راہ پر چلیں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا۔

اگر کسی کے پاس دینی علم نہیں تو اسے اہلِ علم سے سوال کرنا چاہیے، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا:

فَسْـَٔلُوۤا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ۔
(سورۃ النحل: 43)
اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے پوچھ لو۔

*علما اور حکومت کی ذمہ داری۔*

یہ ذمہ داری علمائے کرام اور حکومتِ وقت دونوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو دینِ حق سیکھنے کے مواقع فراہم کریں،

مستند علمائے کرام کی مالی معاونت کریں، اور دینی تعلیم کو عام کریں۔
پاکستان میں تعلیمِ بالغاں کا جو نظام پہلے موجود تھا، اسے دوبارہ رائج کیا جائے تاکہ عوام الناس کو قرآن و سنت کے مطابق دین سیکھنے کے مواقع میسر آئیں۔

🔹 علما کے لیے مشورہ

اے علما کرام!
دین کو خالصتاً قرآن و سنت کی روشنی میں بیان کریں۔
اپنے عقائد و نظریات کا قرآن و سنت کے مطابق جائزہ لیں، کیونکہ عوام الناس آپ ہی کی پیروی کرتے ہیں۔

قرآن میں فرمایا گیا:
رَبَّنَا إِنَّا أَطَعْنَا سَادَتَنَا وَكُبَرَاءَنَا فَأَضَلُّونَا السَّبِیلَا۔
(سورۃ الاحزاب: 67)

اے ہمارے رب! ہم نے اپنے سرداروں اور بڑوں کی بات مانی، پس انہوں نے ہمیں گمراہ کر دیا۔

اور فرمایا:
لِیَحْمِلُوا أَوْزَارَهُمْ كَامِلَةً یَوْمَ الْقِیَامَةِ وَمِنْ أَوْزَارِ الَّذِینَ یُضِلُّونَهُم بِغَیْرِ عِلْمٍ۔
(سورۃ النحل: 25)

تاکہ وہ اپنے گناہوں کا پورا بوجھ قیامت کے دن اٹھائیں اور ان لوگوں کے گناہوں کا بھی حصہ جنہیں وہ بغیر علم کے گمراہ کرتے تھے۔

دین مکمل ہو چکا ہے
نبی کریم ﷺ نے دینِ اسلام کو مکمل پہنچا دیا ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
الْیَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِینَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْكُمْ نِعْمَتِی وَرَضِیتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِینًا۔(المائدہ: 3)
ترجمہ:
آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت پوری کر دی، اور تمہارے لیے اسلام کو بطورِ دین پسند کیا۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مَنْ أَحْدَثَ فِی أَمْرِنَا هَذَا مَا لَیْسَ مِنْهُ فَهُوَ رَدٌّ۔
(صحیح بخاری: 2697، صحیح مسلم: 1718)

جس نے ہمارے دین میں کوئی نیا کام داخل کیا جو اس میں نہیں تھا، وہ مردود ہے۔

الدعاء
اے ہمارے رب! ہم خطا کار ہیں، ہم بھولے بھٹکے ہیں۔
ہماری سمت درست فرما، ہمیں دینِ حق بیان کرنے والا بنا، ہمیں حق کہنے، لکھنے اور اس پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرما۔
اے اللہ! ہمیں اپنے نبی ﷺ کے لائے ہوئے خالص دین پر جمع فرما، چاہے کسی کو برا ہی کیوں نہ لگے۔

آمین یا رب العالمین۔

Please visit us at www.nazirmalik.com
📞 0092-300-8604333