November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پرانا سکھر کے علاقے یوسی 2 جئے شاہ میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کی زندگی

IMG-20251021-WA0662

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پرانا سکھر کے علاقے یوسی 2 جئے شاہ میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گزشتہ کئی مہینوں سے علاقے میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر جمع ہیں، جبکہ نالیوں کی طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہو کر تعفن اور بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق گندے پانی اور کچرے سے اُٹھنے والا بدبو دار تعفن نہ صرف رہائشیوں کے لیے اذیت کا باعث ہے بلکہ اس سے ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار میونسپل انتظامیہ اور یوسی چیئرمین کو شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔مقامی رہائشیوں فہیم شیخ، ہوش محمد، ریحان شیخ اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یوسی نمبر 2 جئے شاہ کا صفائی بجٹ 12 لاکھ روپے سالانہ ہے، جو مبینہ طور پر کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یو سی چیئرمین عبداللہ منگی اس کرپشن میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث ہیں، کیونکہ علاقے میں صفائی کا کوئی نظام نظر نہیں آتا۔شہریوں نے مزید انکشاف کیا کہ چیئرمین اکثر کراچی میں مقیم رہتے ہیں اور جب فنڈز یا چیکس پر دستخط کی ضرورت پیش آتی ہے تو چند دن کے لیے سکھر آ کر یوسی دفتر میں کاغذی کارروائی کر کے دوبارہ کراچی روانہ ہو جاتے ہیں۔اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی 2 جئے شاہ کی صفائی کی ناقص صورتحال اور مبینہ کرپشن کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کر کے کارروائی کی جائے، تاکہ شہریوں کو گندگی، تعفن اور بیماریوں سے نجات مل سکے۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ اداروں نے ایک ہفتے کے اندر عملی اقدامات نہ کیے تو وہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔