جوہرآباد (راجہ نورالہی عاطف سے) آئیوڈین کی کمی کے حوالے سے بیماریوں کے عالمی دن کے موقع پر ہیلتھ اینڈ پاپولشن ڈیپارٹمنٹ خوشاب کے زیر اہتمام
جوہرآباد (راجہ نورالہی عاطف سے) آئیوڈین کی کمی کے حوالے سے بیماریوں کے عالمی دن کے موقع پر ہیلتھ اینڈ پاپولشن ڈیپارٹمنٹ خوشاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی خوشاب میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد طلباء میں آیوڈین ملے نمک کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا تاکہ آیوڈین کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
سیمینار کی صدارت ڈکٹر طاہر حیات ملک ایکٹنگ سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے آیوڈین کی کمی کے انسانی صحت پر منفی اثرات پر روشنی ڈالی، جن میں گلہڑ، ذہنی نشوونما کی کمی اور دیگر قابلِ تدارک بیماریاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کا فرض ہے کہ وہ عوام میں آیوڈین ملے نمک کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کریں۔انہوں نے طلباء کو نمک میں آیوڈین کے ٹیسٹ کا عملی مظاہرہ دکھایا۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ہاسٹل، گھروں اور رشتہ داروں کے گھروں میں موجود نمک کا آیوڈین ٹیسٹ ضرور کریں تاکہ صرف آیوڈین شدہ نمک کا استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
مسٹر راجہ شکیل امجد، زونل منیجر، نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان (خوشاب زون) نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے کردار اور کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسل سالٹ آیوڈائزیشن پروگرام کے تحت آیوڈین کی کمی کی بیماریوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو سراہا جن کی کوششوں سے مارکیٹ میں آیوڈین ملے نمک کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے عزم کیا کہ وہ آگاہی مہمات، کمیونٹی رابطے اور مسلسل نگرانی کے ذریعے آیوڈین کی کمی کی بیماریوں کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ پاکستان کو ایک صحت مند اور آیوڈین سے بھرپور ملک بنایا جا سکے۔