ہمارے سماج میں مرد کی جیب اور عورت کے چہرے کو دیکھ کر شادی کی جاتی ہے سیرت اب کسی کی بھی ترجیحات میں شامل نہیں رہی۔ آج ہم نے رشتہ طے
ہمارے سماج میں مرد کی جیب اور عورت کے چہرے کو دیکھ کر شادی کی جاتی ہے سیرت اب کسی کی بھی ترجیحات میں شامل نہیں رہی۔ آج ہم نے رشتہ طے کرتے وقت خاندانی شرافت سے زیادہ ظاہری رکھ رکھاؤ کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔
جس کی وجہ سے شریف خاندان کے محنتی لڑکوں کو صرف اس وجہ سے رشتہ دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے کہ لڑکے کی گورئمنٹ جاب نہیں یا پھر اس کا اپنا گھر بار نہیں، جوائنٹ فیملی میں سب کے ساتھ رہ رہا ہے جہاں لڑکے کی غیر شادی شدہ بہنیں اور شادی شدہ بھائی اپنی بیگمات اور بچوں کے ساتھ رہ رہے ہوتے ہیں تو ہماری بیٹی اتنی بڑی فیملی میں کیسے گزارا کر پائے گی؟ اس کا سارا دن تو چولہے کے سامنے ہی گزر جائے گا جبکہ یہاں ہم نے تو کبھی اس سے پانی کا گلاس بھی نہیں مانگا۔
غرضیکہ کہ اب رشتہ کرتے ہوئے لڑکی والے بھی بہت کچھ دیکھ رہے ہوتے اور جہاں لڑکا اکیلا ہو ماں بہنیں نہ ہوں تو اپنی بیٹی کے لئے ایسا رشتہ آئیڈیل سمجھا جاتا ہے۔ چاہے پھر لڑکے کی اپنی باہر کی کچھ بھی سرگرمیاں ہوں اس کے آگے سب چھپ کے رہ جاتیں ہیں۔
لڑکی کا باپ خود جو کچھ اپنی فیملی کو چالیس پینتالیس سال کی عمر میں دینے کے قابل ہوا تھا مگر آپ اپنے داماد سے یہ توقع کرو کہ وہ آپ کی بیٹی کو وہی سہولتیں پچیس تیس سال کی عمر میں دے تو ایسا تو پھر وہی لڑکا کر سکتا ہے جو خاندانی رئیس ہو اور باپ دادا نے اس کے لئے جاگیریں بنا کر رکھیں ہوں پھر آگے وہ اپنی بیوی کو وہ سب دینے کے قابل ہو سکے۔ ورنہ ایک نوکری کرنے والے لڑکے کے لئے یہ سب مہیا کرنا ناممکنات میں سے ہوگا۔
دوسری طرف لڑکی والوں کی ڈیمانڈ اگر ہائی ہے تو لڑکے تو لڑکے ان کے گھر والے بھی کچھ کم انت مچائے نہیں بیٹھے بہو کی شکل میں انہیں لڑکی قلوپطرہ چاہیے ہوتی لڑکی کے گھر جب اس کو دیکھنے آتے تو ایکسرے مشین اپنی آنکھوں میں فٹ کروا کر آتے ہیں جیسے پہلے آڈر دے کر گئے تھے اور اب لڑکی اسی آڈر کے مطابق انہیں تیار ملے گی۔ ایسے میں لڑکی کا رنگ، قد، وزن، نین نقش یہاں تک کہ سر کے بال سے لے کر پاؤں کے ناخن تک تمام چیزیں دیکھی جاتیں ہیں۔ یہ سب دیکھ کر جب چاند جیسی دلہن گھر لائی جائے گی تو وہ گھر بھر کو دن میں پھر تارے بھی دکھائے گی۔
جب لڑکے والے لڑکی میں غیر معمولی خوبصورتی تلاش کریں گے تو وہاں پھر ان لڑکیوں کا بھی حق ہے کہ وہ ہر لحاظ سے ہی لڑکا پرفیکٹ دیکھے۔
بدقسمتی سے جب سے لڑکے والوں نے اپنا رشتے کا معیار سگھڑاپا اور خاندانی طور طریقے اور اقدار لئے ہوئے لڑکی کا رشتہ دیکھنے کے بجائے خوبصورتی اور ظاہری نمودو نمائش کے دلدادہ لوگوں میں ہی رشتہ کرنا اپنا معیار بنا لیا ہے۔ وہیں اب لڑکی والوں نے بھی جہاں پہلے دیندار اور خاندانی شریف فیملی کے محنتی لڑکے دیکھ کر شادیاں طے کرتے تھے اب وہاں چھوٹی فیملی کے ہائی اسٹینڈرڈ لڑکے کا رشتہ دیکھنا ہی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہو کر رہ گیا ہے۔
نتیجتاً پڑھی لکھی شریف لڑکیاں مناسب رشتوں کے انتظار میں اپنی شادی کی عمر ماں باپ کے گھر میں ہی پوری کر رہیں ہوتیں۔ دوسری طرف لڑکے والے بھی اگر اپنی پسند کا گوہرِ نایاب ڈھونڈ ہی لیتے ہیں تو شادی کے بعد ان کو اعتراض ہوتا ہے کہ بہو کے مزاج ہی کسی سے نہیں ملتے اس طرح پھر ان کی ازدواجی زندگی مسئلے مسائل کا ہی شکار رہتی ہے۔
تبھی آج کل ہر تیسری شادی ناکامی کا شکار ہو رہی ہے جس کے حتمی نتائج علیحدگی کی صورت دیکھنے کو ملتے ہیں یا پھر خانگی زندگی ساری عمر لڑائی جھگڑوں کی نظر ہی ہو کے رہ جاتی ہے۔
شادی کا مقصد دو فریقین میں کوئی کاروباری معاہدہ کرنا نہیں ہوتا شادی کا مقصد تو ایک خاندان کی تشکیل ہونا چاہیئے جس میں ظاہری چکاچوند سے کئی زیادہ دونوں کی خاندانی شرافت اور لڑکا لڑکی کا سلجھا اور باشعور ہونا ضروری ہے۔ تاکہ جب دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں تو مل کے دونوں ایک مضبوط خاندان کی بنیاد رکھنے کے قابل ہو سکیں۔
شادی جیسے فریضے کو آسان بنانے کے لئے دونوں فریقین کو ہی اس سلسلے میں لچک دکھانی ہوگی تبھی تو زنا جیسی برائیوں کی روک تھام اور نکاح جیسی سنت کو پورا کرنے میں دشواریاں ختم کی جا سکتیں ہیں۔
Rozina Karamat