سکھر (بیورورپورٹ)میرپور ماتھیلو کے رہائشی بشیر احمد حیدرانی نے گاؤں کے بااثر افراد کی جانب سے
سکھر (بیورورپورٹ)میرپور ماتھیلو کے رہائشی بشیر احمد حیدرانی نے گاؤں کے بااثر افراد کی جانب سے مبینہ ظلم و زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران متاثرہ شخص نے اعلیٰ حکام سے فوری تحفظ اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق بشیر احمد حیدرانی، جو حیدرانی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے محلے کے تمام رہائشیوں نے اپنے گھروں کے باہر کئی کئی فٹ جگہ نکال کر تعمیرات کی ہوئی ہیں، تاہم جب انہوں نے بھی اپنے گھر کے سامنے تقریباً چار فٹ جگہ باہر نکال کر گیٹ لگانے کی کوشش کی تو محلے کے چند بااثر افراد نے انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔متاثرہ شخص کے مطابق، اس نے واقعے کی شکایت گاؤں کے وڈیرے کو کی، جس نے تمام فریقین کو بلا کر معاملے کی سماعت کی اور انصاف پر مبنی فیصلہ سناتے ہوئے بشیر احمد کے حق میں فیصلہ دیا کہ وہ اپنی جگہ پر گیٹ لگا سکتے ہیں۔بشیر احمد حیدرانی نے الزام عائد کیا کہ وڈیرے کے فیصلے کے باوجود بااثر افراد انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کے خاندان کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا ہے۔انہوں نے ڈی سی سکھر، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر انہیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔احتجاج کے دوران بشیر احمد کا کہنا تھا کہ اگر انہیں فوری انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ اپنے اہلِ خانہ سمیت انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔