November 17, 2026

جاپان کے شہر ٹویوٹا سٹی میں انٹرنیشنل میئرز کانفرنس 2025 جاری اقوامِ متحدہ اور حکومتِ جاپان کے تعاون سے تین روزہ اجلاس دنیا بھر کے میئرز،

IMG-20251017-WA0293

جاپان کے شہر ٹویوٹا سٹی میں انٹرنیشنل میئرز کانفرنس 2025 جاری اقوامِ متحدہ اور حکومتِ جاپان کے تعاون سے تین روزہ اجلاس دنیا بھر کے میئرز، بلدیاتی نمائندگان اور ماہرینِ شہری منصوبہ بندی کی شرکت
پاکستان کی نمائندگی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کی

اسلام آباد / ٹویوٹا سٹی / سکھر(بیورورپورٹ)جاپان کے شہر ٹویوٹا سٹی میں اقوامِ متحدہ اور حکومتِ جاپان کے اشتراک سے منعقدہ انٹرنیشنل میئرز کانفرنس 2025 بھرپور انداز میں جاری ہے، جس میں دنیا بھر کے میئرز، بلدیاتی نمائندگان اور شہری منصوبہ بندی کے ماہرین شریک ہیں۔تین روزہ اس عالمی کانفرنس کا مقصد شہروں کو درپیش چیلنجز، ماحولیاتی تبدیلی، شہری منصوبہ بندی، پائیدار ترقی اور جدید بلدیاتی نظام کے فروغ کے حوالے سے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔پاکستان کی نمائندگی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر و صدر نیشنل کاؤنسلز ایسوسی ایشن پاکستان سید کمیل حیدر شاہ کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ خطابات میں پاکستان کے بلدیاتی نظام، ماحولیاتی استحکام، گرین انرجی اور پائیدار ترقی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر جامع اور مؤثر حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں گرین انرجی، ویسٹ مینجمنٹ، واٹر ٹریٹمنٹ اور پائیدار شہری ترقی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ بلکہ شہریوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اور مقامی کونسلز کے اشتراک سے عوامی خدمت کے کئی جدید منصوبے جاری ہیں، جن میں فری ایئر ایمبولینس سروس، فری وائی فائی زونز، فیری سروس، جمالو ٹرین ایکسپریس اور انجینئرنگ یونیورسٹی جیسے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کی ترجیحات میں صاف پانی کی فراہمی، تعلیمی و صحت اداروں کی سولرائزیشن اور شہری سہولیات کی ڈیجیٹلائزیشن نمایاں طور پر شامل ہیں۔سید کمیل حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سکھر دریائی پٹی اور جنگلاتی علاقے ہونے کے باعث بارشوں اور سیلابوں سے زیادہ متاثر ہوتا ہے، جس کے باوجود مقامی حکومتیں عوامی تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور نیشنل کاؤنسلز ایسوسی ایشن پاکستان نے ماحولیاتی چیلنجز اور شہری انتظامی مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جن میں مزاحمتی رہائشی منصوبے، سولر توانائی پروگرام اور ایمرجنسی رسپانس سروسز شامل ہیں۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر اعلان کیا کہ پاکستان 2027 میں ورلڈ میئرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور دنیا بھر کے میئرز کو خوش آمدید کہا جائے گا۔کانفرنس کے دوران جاپان، مالدیپ، کینیا، سنگاپور، فرانس، متحدہ عرب امارات، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے نمائندگان نے بھی اپنے اپنے شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
اجلاس میں مقامی حکومتوں کے درمیان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، گرین ٹرانسپورٹ، واٹر مینجمنٹ، اور ماحولیاتی استحکام پر مشترکہ تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔اختتامی سیشن میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے اقوامِ متحدہ، یو این ہیبیٹیٹ، یو این ڈی ای ایس اے اور حکومتِ جاپان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان مقامی حکومتوں کے ذریعے پائیدار ترقی، جدید شہری منصوبہ بندی اور عوامی فلاح کے راستے پر پُرعزم انداز میں گامزن ہے۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ عالمی سطح پر تعاون ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے شہروں کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی، اور آبادی کے دباؤ جیسے مسائل سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔انٹرنیشنل میئرز کانفرنس 2025 میں پاکستان کی فعال شرکت نے عالمی سطح پر ملک کے بلدیاتی نظام اور ترقیاتی وژن کو اجاگر کر دیا ہے۔