جہانِ طیب — جہاں میں اہل ایماں صورت خورشید جیتے ہیں۔ تحریر علامہ عبدالستار عاصم
جہانِ طیب — جہاں میں اہل ایماں صورت خورشید جیتے ہیں۔
تحریر علامہ عبدالستار عاصم
جب قلم حمدِ باری تعالیٰ کے نور میں ڈوب جائے، جب سطریں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی خوشبو سے مہکنے لگیں، اور جب دل کی دھڑکنیں مناجاتِ الٰہی میں ڈھلنے لگیںتو سمجھ لیجیے کہ کوئی عظیم تذکرہ شروع ہونے کو ہے۔جہان طیب کتاب کا آغاز بھی ایسے ہی بارہ ء نور سے ہوتا ہے۔
یہ کتاب “جہانِ طیب” صرف کسی ایک شخصیت کا خاکہ نہیں، بلکہ ایک ایسے درویش صفت، خدمت گزار، اور عاشقِ رسول ﷺ انسان کی مکمل تصویر ہے جس نے اپنی زندگی کو امتِ مسلمہ کے لیے وقف کر دیا—وہ شخصیت جنہیں دنیا ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کے نام سے جانتی ہے، اور جن کی روحانی و سماجی خدمات کئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن چکی ہیں۔
اس کتاب کی ابتدا ذکرِ نورانی سے ہوتی ہے تاکہ قاری کا دل بھی اسی روشنی سے منور ہو جس میں حاجی محمد حنیف طیب کی زندگی کے فیصلے کیے گئے۔ حمد، نعت اور مناجات، اس تذکرے کا روحانی پس منظر ہیں، جن کے بعد وہ چراغ جلتے ہیں جو ایک والد کے فخر، ایک بیٹے کی گواہی، ایک کارکن کی جدوجہد، اور ایک خادمِ ملت کی زندگی کے مختلف گوشے دکھاتے ہیں۔
یہ صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں، بلکہ کردار، نظریے، اور محبتوں کا تسبیحی ہار ہے۔جس میں ہر دانہ کسی نہ کسی خدمت، قربانی یا روحانی نسبت سے چمکتا ہے۔
وہ دن بھی کیا دن تھے، جب سادگی زندگی کی زینت تھی، اور محبت ہر رشتے میں رواں دواں۔ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کے بچپن کی یادیں روشنی کے ان جگنوؤں کی مانند ہیں، جو ہر قاری کو معصومیت، ادب، اور خاندانی تربیت کے آنگن میں لے جاتی ہیں۔ وہ ماں کی گود، وہ والد کی نصیحتیں، وہ مسجد کی اذانیں، اور گلیوں میں کھیلتا ہوا ایک حساس دل کا بچہ جو آگے چل کر امت کی آواز بنے گا۔
نوجوانی کے وہ سال جن میں اکثر خواب ادھورے رہ جاتے ہیں، ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے ان لمحوں کو قوم کی بیداری کے لیے وقف کر دیا۔ ایک طالب علم کی حیثیت سے شروع ہونے والا یہ سفر جلد ہی ایک مشن بن گیا۔ ان کے خیالات میں جو انقلاب کی چنگاری تھی، وہ بعد میں ایک تحریک کی صورت اختیار کر گئی ،ایک ایسی تحریک جو ملتِ اسلامیہ کے وقار کی ترجمان بنی۔
اقتدار کی راہداریوں میں وہ لوگ کم ہی ہوتے ہیں جو ایمان داری اور خلوص کو قربان نہیں کرتے۔ حاجی صاحب نے وزارت کا منصب محض کرسی کے طور پر نہیں، بلکہ خدمت کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا۔ دال ہاؤس کی فضا بھی ان کے سادگی، شرافت اور عاجزی کے نور سے منور رہی۔ اُن کی وزارت، روایتی سیاست سے مختلف ایک نفع بخش خدمت بنی۔
زندگی نے انہیں صرف عہدے نہیں دیے، بلکہ وہ انمول سبق بھی سکھائے جو آج کی نسل کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی گفتگو، ان کی نشست و برخاست اور ان کا ہر عمل، ایک تربیتی درسگاہ کی حیثیت رکھتا تھا۔ یہ باب ہمیں بتاتے ہیں کہ اصل دولت کیا ہے—عزت، کردار، وفا اور قربانی۔
خدمت اگر اخلاص سے ہو تو وہ عبادت بن جاتی ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی حاجی صاحب کے اس عزم کا مظہر ہے جو انہوں نے بیماروں، یتیموں، غریبوں، اور مجبوروں کے لیے باندھا۔ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اسلامی فلاحی سوچ کا ترجمان ہے۔
جس دل میں خدا کا نور ہو، وہ کبھی تکبر سے آلودہ نہیں ہوتا۔ حاجی محمد حنیف طیب کی روحانیت ان کے کردار میں جھلکتی تھی۔ وہ نہایت منکسرالمزاج، صوفی مزاج اور باادب شخصیت کے حامل تھے۔ وہ روحانیت کے اس درخت کی مانند تھے، جس کے سائے میں سب کو سکون ملتا ہے۔
جب علم عشق سے مل جائے تو وہ عرفان میں ڈھل جاتا ہے۔ علامہ سید احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت نے حاجی صاحب کی روح کو سیراب کیا، ان کی فکر کو جِلا بخشی، اور ان کے عمل کو ہدایت کی روشنی عطا کی۔ یہ تعلق ایک مرشد اور طالب علم کے درمیان روحانی وابستگی کی ایسی مثال ہے، جو آج بھی اہلِ دل کے لیے باعثِ رشک ہے۔
حاجی صاحب کے احباب کا دائرہ ایسے درخشندہ ستاروں پر مشتمل ہے جنہوں نے علم، دین اور سیاست کے میدانوں میں اپنی روشنیاں بکھیریں۔ ان کے دوست نہ صرف اہلِ علم تھے بلکہ اہلِ دل بھی تھے۔ ان کی محفلیں محض گپ شپ نہیں، بلکہ فکری تبادلہ، اصلاح اور روح کی غذا تھیں۔ وہاں باتوں میں علم بھی ہوتا، حلم بھی، اور خلوص بھی۔
روحانی زندگی کا محور اگر کوئی شخصیت رہی، تو وہ جناب شاہ تراب الحق قادری تھے۔ وہ محض پیر نہیں، دلوں کے طبیب تھے، جو اپنے مریدوں کو خدا کی طرف رغبت، رسول ﷺ کی محبت، اور دین کی سچائی سکھاتے تھے۔ حاجی صاحب کے لیے وہ چراغ تھے جو اندھیروں میں بھی راہ دکھاتا رہا، اور ان کی روح کو سکون بخشتا رہا۔
ہر عظیم انسان کی زندگی میں دو تین کردار ایسے ہوتے ہیں جو اس کی سوچ کو نئی جہت عطا کرتے ہیں۔ یہ وہ ہستیاں ہوتی ہیں جن کے ایک جملے، ایک دعا، یا ایک خاموشی سے زندگی کی پوری سمت بدل جاتی ہے۔ حاجی صاحب کی زندگی کے دو اہم ترین کردار ایسے ہی رہنما، محسن اور خیر خواہ تھے جنہوں نے ان کے دل کی مٹی کو زرخیز بنایا، اور ان کے سفر کو جہت عطا کی۔
وہ وجود جس کے دل میں خدا کا خوف ہو، جس کی آنکھوں میں عشقِ مصطفی ﷺ کی نمی ہو، اور جس کی زبان پر ہر وقت خیر کے الفاظ ہوں ،وہی روحانی مراتب کا سچا وارث ہوتا ہے۔ حاجی محمد حنیف طیب کا وجود اسی روشنی سے جگمگاتا رہا۔ ان کے روحانی مراتب محض القابات نہیں تھے، بلکہ ان کے اندرونی سچ، ان کے اعمال کی گواہی، اور ان کے چہرے سے جھلکتی متانت کی گونج تھے۔ لیکن ان تمام مراتب کے باوجود وہ ایسی منکسرالمزاجی کا پیکر تھے کہ بڑے سے بڑا منصب بھی ان کے جھکاؤ کو بلند نہ کر سکا۔ وہ خاموشی میں گہرے پیغام دیتے، اور عاجزی میں بلندیاں تلاش کرتے۔
اس روحانی سفر میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا، جب ان کا تعلق غزالیٔ زماں، مفسرِ قرآن، عارفِ کامل حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ علیہ سے جُڑا۔ وہ علم کے اس بحرِ بیکراں سے فیض یاب ہوئے، جس کی ہر بات میں حکمت، ہر نظر میں عرفان، اور ہر خاموشی میں تربیت تھی۔ علامہ کاظمیؒ کے دربار سے ملنے والی نسبت نے ان کی سوچ، طرزِ فکر اور دل کی زمین کو ایک نیا رخ دیا۔ انہوں نے علم کو صرف پڑھنے کی چیز نہیں سمجھا، بلکہ جینے کا راستہ بنایا، اور عرفان کو صرف تصوف کا دروازہ نہیں، بلکہ عمل کا چراغ قرار دیا۔
ان کے قرب و جوار میں جو دوست تھے، وہ بھی معمولی لوگ نہ تھے۔ ان کے حلقۂ احباب میں ہر فرد ایک روشن ستارہ تھا—کوئی اہلِ علم، کوئی اہلِ ذکر، کوئی مجاہدِ ملت، اور کوئی خدمت کا پیامبر۔ یہ وہ صحبتیں تھیں جن میں دین بھی سکھایا جاتا تھا، وطن کی فکر بھی بانٹی جاتی تھی، اور انسانیت کے دکھوں کا مداوا بھی سوچا جاتا تھا۔ یہ محفلیں دراصل ایک فکری انجمن تھیں، جہاں ہر بات ایک سبق، اور ہر لمحہ ایک نعمت تھا۔
روحانی دنیا کے اس سفر میں انہیں جو رہنمائی حاصل ہوئی، اس کا منبع ان کے عظیم پیر و مرشد، حضرت سید شاہ تراب الحق قادری تھے۔ ان کے وجود سے مہکنے والی نسبت، حاجی صاحب کے دل کا سکون بن گئی۔ قادری صاحب کی ایک نگاہِ کرم نے دل میں وہ چراغ روشن کیے جو زندگی بھر بجھنے نہ پائے۔ وہ ان کے لیے مرشد ہی نہیں، بلکہ دل کا حوالہ، دعا کا وسیلہ، اور اللہ کی رحمت کا پیغام بنے۔
ایسے ہی دو عظیم کردار تھے جنہوں نے حاجی صاحب کی زندگی میں بنیادوں کی حیثیت اختیار کی۔ یہ وہ ہستیاں تھیں جن کے اثرات ان کی شخصیت کے ہر گوشے میں جھلکتے ہیں۔ وہ جن کی دعائیں ان کے قدموں کی رہنمائی کرتی رہیں، جن کی فکر ان کے فیصلوں میں بولتی رہی، اور جن کی خاموشی ان کے عمل کا سرنامہ بنی۔
ان میں سے پہلی شخصیت ان کی ماں جی تھیں۔ ایک ایسی ماں جنہوں نے صرف دودھ نہیں پلایا، بلکہ تربیت کا نایاب جام بھی دیا۔ ان کی ممتا میں دعا کا لمس، آنکھوں میں تحفظ کی روشنی، اور ہر عمل میں شریعت کی چھاپ تھی۔ وہ ماں نہ صرف گھر کی بنیاد تھیں، بلکہ روح کی غذا بھی۔ ان کی دعائیں ایک ایسا حصار تھیں جس میں حاجی صاحب نے ہمیشہ عزت و وقار پایا۔
دوسری طرف ان کے والد گرامی کا پس منظر بھی کم شاندار نہ تھا۔ وہ ایک ایسی نسل کے فرد تھے جو کردار، غیرت اور دین داری کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ ان کے والد نے اپنے بیٹے کی شخصیت میں جس سلیقے، اخلاق اور دین داری کا بیج بویا، وہ درخت بن کر پورے معاشرے کو سایہ دینے لگا۔
اسی پس منظر میں ان کی ذاتی زندگی کی جھلک بھی بہت خوبصورت ہے۔ ان کا خاندان، ان کی بیوی، ان کے بچے—یہ سب ان کی زندگی کی رونق تھے۔ وہ رشتوں میں محبت، ادب، اور قربانی کے قائل تھے۔ ان کا گھر علم، ادب، خدمت اور دعا کی ایک خوبصورت بستی تھا۔
یہی تربیت تھی جو انہیں طلبہ سیاست کے میدان میں لے کر گئی، جہاں انہوں نے انجمن محبانِ اسلام اور انجمن طلبہ اسلام جیسے نظریاتی پلیٹ فارمز کو نہ صرف اختیار کیا بلکہ ان کی قیادت کا بوجھ بھی اٹھایا۔ ان کی سوچ واضح، اور نظریہ روشن تھا۔ وہ طلبہ کو صرف جلسوں کی طرف نہیں بلاتے تھے، بلکہ کردار سازی، فکری پختگی اور روحانی وابستگی کی طرف راغب کرتے تھے۔
ایسے ہی ایک تنظیمی دورے میں، جب وہ ملک کے مختلف شہروں میں گئے، انہیں عوامی جذبات کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ ان کے خطابات میں روح کی تازگی، زبان کی تاثیر، اور دل کی سچائی جھلکتی تھی۔ ہر شہر، ہر مدرسہ، ہر جامعہ میں وہ دلوں کو چھو لینے والے الفاظ کا انتخاب کرتے، اور نوجوانوں کو دین، اخلاق اور خدمت کے لیے تیار کرتے۔
انہیں تربیت کا ہنر بھی خوب آتا تھا۔ ان کی ایک تربیتی نشست ایسی ہوتی تھی، جیسے کوئی روحانی محفل ہو۔ وہ صرف بات نہیں کرتے تھے، دل پر اثر کرتے تھے۔ الفاظ میں دعا، انداز میں خلوص، اور مقصد میں اصلاح ہوتی تھی۔
پھر وہ لمحہ آیا جب وہ ملکی سیاست کے افق پر طلوع ہوئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سنی کانفرنس میں ان کی تقریر نے عوام کے دلوں میں ایک نئی امید جگائی۔ ان کی آواز میں سچائی، لہجے میں یقین، اور پیغام میں وحدت تھی۔ وہ سیاست کو خدمت کا وسیلہ بنانا چاہتے تھے، نہ کہ مفاد کا ذریعہ۔
اور جب 1970ء کے انتخابات کا معرکہ آیا، تو ان کا نظریاتی قد اور عوامی وقار دونوں خوب ظاہر ہوئے۔ یہ صرف ایک انتخابی عمل نہ تھا، بلکہ ایک جدوجہد تھی—سچ، دین، اور انسانیت کے لیے۔
ستر کی دہائی کا اختتام قریب تھا۔ پاکستان ایک نئی کروٹ لے رہا تھا۔ ملک بھر میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کا مطالبہ گونج رہا تھا، اور لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ سڑکوں پر تھے۔ ایسے میں وہ آواز جو ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑی ہوئی، وہ قدم جو ہمیشہ اسلام کے لیے اٹھا اور وہ لب جو ہمیشہ امت کے درد سے لبریز رہے ،وہی آواز تحریک نظام مصطفیٰ ﷺ کی گونج بن گئی۔ حاجی محمد حنیف طیب نے اس تحریک میں وہ کردار ادا کیا، جو تاریخ کے ماتھے پر سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔
یہ صرف جلسے جلوسوں کی تحریک نہ تھی، یہ ایک نظریاتی جنگ تھی۔ اس تحریک میں انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ (اُس وقت کا صوبہ سرحد)، بلوچستان اور اندرونِ سندھ کے دورے کیے۔ وہ کچے راستوں، دھول بھری گلیوں، اور دور دراز بستیوں میں بھی پہنچے جہاں اسلام کے نام پر جینے والے، نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے پیاسے موجود تھے۔ ان کی زبان میں صرف نعرہ نہیں، دل کی صداقت بولتی تھی۔ ان کے لہجے میں تلوار کی کاٹ بھی تھی اور ماں کی دعا جیسا پیار بھی۔ ہر تقریر میں شریعت، وحدت اور غیرتِ ایمانی کا پیغام ہوتا، جسے سن کر لوگ بے اختیار نعرہ زن ہو جاتے: “نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ کرو!”
تحریک نے جب زور پکڑا، اور حالات نے ایک فیصلہ کن موڑ لیا، تو وہ لمحہ بھی آیا جب جنرل محمد ضیاء الحق نے اقتدار سنبھالا۔ ضیاء الحق کی حکومت نے سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں میں شخصیات کو ساتھ ملانے کی کوشش کی، اور انہی کوششوں کے تحت حاجی صاحب کو بھی کابینہ میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی۔ مگر وہ کسی وقتی مفاد، اقتدار یا منصب کے لیے اپنے نظریاتی مؤقف سے پیچھے ہٹنے والے نہ تھے۔ انہوں نے کابینہ میں شمولیت سے انکار کر کے ثابت کر دیا کہ وہ کرسی کے نہیں، کردار کے آدمی ہیں۔
وقت گزرا، حالات بدلے، اور 1985ء کے انتخابات کا اعلان ہوا۔ حاجی صاحب نے انتخابات میں حصہ لیا اور عوامی حمایت کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ یہ جیت صرف ووٹوں کی فتح نہ تھی، یہ ایک نظریے کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا اظہار تھا۔ اسی عرصے میں ان کی محمد خان جونیجو سے ملاقات ہوئی، جو اس وقت وزیرِاعظم پاکستان تھے۔ جونیجو صاحب نے ان کی شرافت، دیانت اور علم دوستی کو سراہا اور انہیں وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
مگر وہ دعوت بھی وہی تھی، جس کے پیچھے روایتی سیاست کی پرچھائیاں تھیں۔ حاجی صاحب نے بڑی عزت و وقار سے اس پیشکش کو بھی رد کر دیا۔ ان کے نزدیک اقتدار کی عمارت اس وقت تک بامعنی نہیں ہو سکتی جب تک اس کی بنیاد دینِ محمدی ﷺ پر نہ رکھی جائے۔
ان سے بارہا مسلم لیگ میں شمولیت کی درخواست کی گئی۔ ان کی خطابت، ساکھ اور فکری گہرائی دیکھتے ہوئے کئی سیاسی جماعتیں انہیں اپنے بینر تلے لانا چاہتی تھیں۔ مگر انہوں نے ہر بار یہی جواب دیا: “میں کسی سیاسی قافلے کا مسافر نہیں، میں امت محمدیہ کا خادم ہوں۔ میرا راستہ وہی ہے جو میرے اکابرین نے دکھایا۔”
یہ تمام فیصلے، انکار، اور جدوجہد اس بات کا ثبوت ہیں کہ حاجی صاحب کا وجود سیاست میں صرف شمولیت کے لیے نہیں، اصلاح کے لیے آیا تھا۔ وہ اقتدار کے نہیں، اقدار کے آدمی تھے۔ ان کے فیصلوں میں اصولوں کی روشنی تھی، اور ان کے انکار میں صداقت کی جَھلک۔
وفاقی وزارت کا منصب، اگرچہ اختیار و اقتدار کی علامت ہوتا ہے، مگر حاجی محمد حنیف طیب کے لیے یہ منصب ایک امانت تھا، جسے انہوں نے دیانت، خدمت اور نظریاتی پختگی سے نبھایا۔ اُن کے ہر قدم میں سوچ تھی، ہر فیصلے کے پیچھے امت کا درد، اور ہر پالیسی کے پس منظر میں دین کا عکس۔ وہ وزارت کی کرسی پر بیٹھ کر بھی درویش رہے، اور دفتری قلم کو امت کی خدمت کا وسیلہ بنا دیا۔
انہیں جب وزارت کے شعبے سونپے گئے، تو اُنہوں نے سب سے پہلے قومی ورثے اور تاریخ کی حفاظت کی طرف توجہ دی۔ قائداعظم محمد علی جناح کے ذاتی نوادرات، تحریریں، لباس اور دیگر یادگار اشیاء کے تحفظ کے لیے انہوں نے ایک باقاعدہ میوزیم کے قیام کا اعلان کیا۔ اُن کے نزدیک قائد کا پاکستان، اس کی نظریاتی اساس اور اس کی تہذیبی پہچان محض تقریروں میں نہیں، بلکہ عملی اقدامات میں جھلکنی چاہیے تھی۔
کراچی میں شہید ملت لیاقت علی خان کے نام سے موسوم “شہید ملت سیکریٹریٹ” کا افتتاح ایک اور قابلِ فخر کارنامہ تھا، جس سے شہریوں کو نہ صرف سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی بلکہ ایک تاریخی شخصیت کی قربانی کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اسی شہر کے دل، لیاقت آباد کی کچی آبادیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرتے ہوئے ریگولرائز کروایا۔ اُن کا یہ عمل اُن طبقات کے لیے ایک سانسِ راحت ثابت ہوا جو دہائیوں سے شناخت، سہولیات اور تحفظ سے محروم تھے۔
دین سے محبت اُن کے فیصلوں میں جھلکتی تھی۔ 1985ء میں ملتان میں دعوتِ اسلامی کے مرکزی اجتماع میں اُن کی شرکت اور سرپرستی، اسی تعلق کا مظہر تھی۔ اگلے ہی برس 1986ء میں انجمن طلبہ اسلام کا پنجاب سطح پر صوبائی کنونشن منعقد ہوا، جو طلبہ کی نظریاتی تربیت کا اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ حنیف طیب ہر اُس پلیٹ فارم کے قریب رہے، جہاں عشقِ رسول ﷺ، تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور دینی تعلیم و تربیت کا ماحول میسر ہو۔
ان کی دینی بصیرت صرف تقریروں میں نہیں، پالیسیوں میں بھی نظر آئی۔ انہوں نے مساجد کے امام صاحبان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے آواز بلند کی، اور عملی اقدامات کیے۔ ان کے نزدیک وہ لوگ جو امت کو قرآن و سنت کا پیغام سکھاتے ہیں، اُن کی معاشی عزت بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی روحانی عظمت۔ انہوں نے قومی شاہراہوں پر مساجد، وضو خانے اور طہارت خانوں کی تعمیر کا آغاز کروایا، تاکہ مسافر بھی عبادت اور طہارت سے جُڑے رہیں۔ یہ بظاہر معمولی اقدام، درحقیقت اسلامی تمدن کی جڑوں کو مضبوط کرنے کی کوشش تھی۔
اقتصادی شعبے میں بھی اُن کا وژن کم نہ تھا۔ اُنہوں نے مقامی کمپنیوں کو ملک میں تیل کی تلاش کی اجازت دے کر قومی معیشت کو اندرونی خود کفالت کی طرف مائل کیا۔ معدنی وسائل کے ذخائر کو ملک کی ترقی کا ذریعہ سمجھتے ہوئے وہ مختلف کانوں کے دوروں پر گئے۔ نمک کی کانوں میں مزدوروں کی سہولت کے لیے باقاعدہ نماز کی ادائیگی کی جگہیں مخصوص کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وہ کانوں میں اُترتے تو حکمران نہیں، ایک خادم کی صورت میں، مزدوروں کی آنکھوں میں جھانکتے، اُن کے دکھ سنتے اور ان کی سہولت کے لیے حکم صادر کرتے۔
کوئلے کی کان کے دورے سے لے کر بلوچستان کے سیندک پروجیکٹ کی نگرانی تک، انہوں نے وزارت کو محض دفتر کے کاغذات میں محدود نہ ہونے دیا۔ ان کا وجود ہر منصوبے میں شامل ہوتا۔ وہ محض منظوری دینے والے وزیر نہیں تھے، بلکہ زمینی حقائق سے جُڑے ہوئے عوامی نمائندے تھے۔
وزیر کے اختیارات اُن کے لیے کبھی غرور یا امتیاز کا ذریعہ نہ بنے۔ وہ جانتے تھے کہ وزارت امانت ہے، اور وزیر مملکت ہو یا مکمل وزیر، اصل اہمیت نیت، کردار اور اخلاص کی ہوتی ہے۔ انہوں نے اختیار کو خدمت کا لباس پہنایا، اور ہر میٹنگ، اجلاس اور عوامی فورم پر خود کو جواب دہ سمجھا۔
جب اُن کے مذہبی جلسوں میں شرکت پر اعتراض کیا گیا، تو انہوں نے دلائل سے جواب دیا۔ فرمایا کہ مذہبی اجتماعات میں جانا، قرآن و سنت کی خدمت اور اسلامی شعور کو اجاگر کرنا، میرے ایمان کا حصہ ہے۔ اگر کوئی وزیر علمائے کرام کے درمیان بیٹھ کر اللہ اور رسول ﷺ کا ذکر کرے، تو یہ قابلِ اعتراض نہیں، بلکہ فخر کا مقام ہونا چاہیے۔
کابینہ کے اجلاس میں جب قرآنِ مجید کے تراجم پر گفتگو ہوئی، تو انہوں نے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے ترجمۂ قرآن کنز الایمان کا دفاع کیا۔ اس ترجمے کی زبان، مفہوم اور عاشقانہ جذبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترجمہ محض الفاظ کا پیرایہ نہیں، بلکہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی تفسیر ہے۔
اسی دوران مفتی اعظم ہند، تاج الشریعہ مفتی اختر رضا خان الازہری کی سعودی عرب میں گرفتاری کا مسئلہ پیدا ہوا۔ اس نازک موقع پر انہوں نے ذاتی کوششوں سے رہائی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ ان کے عشقِ اہلِ بیت و علمائے اہلسنت کی دلیل تھی، کہ وہ ہر اُس مقام پر آواز بلند کرتے جہاں کسی عاشقِ رسول ﷺ کو دبایا جاتا۔
اسمبلی، سینیٹ اور کابینہ کے اجلاسوں میں اُن کی شرکت کبھی رسمی نہ ہوتی۔ وہ ہمیشہ بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوتے، فائلیں پڑھتے، نکات یاد رکھتے، اور بات کرتے وقت وہی اعتماد جھلکتا جو ایک محقق، ایک عاشقِ رسول ﷺ اور ایک باخبر نمائندے کا شیوہ ہوتا ہے۔
ان کا انداز وزارت کا نہیں، امانت داری کا تھا۔ وہ فیصلے کرتے تو خدا کو حاضر ناظر جان کر۔ وہ بولتے تو امت کا درد لے کر۔ اور وہ خاموش ہوتے، تو سوچ میں ڈوبے، قوم کے لیے اگلا راستہ کیسے تلاش کریں۔
اسلامی نظریاتی کونسل، بلاشبہ ایک ایسا ادارہ ہے جسے ریاستِ پاکستان میں اسلامی قانون سازی کی روح سمجھا جاتا ہے۔ جب حاجی محمد حنیف طیب کو اس باوقار ادارے کا رکن مقرر کیا گیا، تو ان کی علمی، دینی اور فکری بصیرت نے اس ادارے میں ایک نئی تازگی پیدا کی۔ وہ ہمیشہ اسلامی اصولوں کو معاشرتی اور ریاستی قانون میں راسخ کرنے کے خواہاں رہے، اور ان کی موجودگی میں کئی اہم بحثیں علمی و شرعی بنیادوں پر سامنے آئیں۔
تاہم، جب حقوقِ نسواں بل کے حوالے سے کونسل میں ایک ایسا مؤقف اپنانے کی کوشش کی گئی جو ان کے نزدیک اسلامی تعلیمات اور شریعتِ محمدی ﷺ سے متصادم تھا، تو انہوں نے خاموش رہنے کے بجائے آواز بلند کی۔ ان کے لیے رکنیت سے زیادہ اہم حق گوئی تھی۔ انہوں نے دل میں سوچا کہ اگر میری موجودگی کسی گمراہ کن قانون کو اسلامی رنگ دینے کا ذریعہ بن جائے، تو یہ صرف خاموشی نہیں، بلکہ خیانت ہے۔ اسی سوچ نے انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔ وہ رخصت تو ہوئے، مگر سر بلند، دامن صاف، اور ضمیر مطمئن۔
دوسری طرف، معاشرتی خدمت اور قومی ہم آہنگی کے میدان میں ان کا کردار آل پاکستان میمن فیڈریشن کے ذریعے بھی نمایاں رہا۔ یہ ادارہ، جو پاکستان میں میمن برادری کی فلاح، تعلیم، معاشی ترقی اور قومی کردار کو فروغ دینے کا ذریعہ بنا، حاجی صاحب کی قیادت میں ایک نیا شعور حاصل کرتا رہا۔ انہوں نے میمن برادری کو نہ صرف اپنے ثقافتی اور معاشی وقار پر فخر کرنا سکھایا بلکہ انہیں وسیع تر پاکستانی قومی دھارے میں بھی فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
لیکن ان تمام خدمات، جدوجہدوں، اور فیصلوں سے الگ، ان کی زندگی کے کچھ لمحے وہ تھے جو دنیاوی کامرانی سے بالا تر تھے۔ وہ لمحے، جو الفاظ سے نہیں، آنکھوں کے آنسوؤں اور دل کی دھڑکنوں سے لکھے جاتے ہیں۔ ان کے لیے سب سے روح پرور تجربہ خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونا، اس کا غسل اپنی آنکھوں سے دیکھنا، اور اس عمل کا حصہ بننا تھا۔ وہ لمحہ، جب ملتزم سے لپٹ کر ربِ کعبہ سے مناجات کی جاتی ہے، جب حطیم میں سجدہ کر کے دل کا سارا بوجھ بہا دیا جاتا ہے، وہ لمحہ لفظوں سے آزاد ہوتا ہے۔ حاجی صاحب نے ان لمحات کو جیا، رویا، اور اپنی روح میں محفوظ کیا۔
اسی طرح روضۂ رسول ﷺ پر باادب، باضابطہ حاضری، ان کی زندگی کی سب سے بڑی سعادتوں میں سے تھی۔ یہ کوئی عام زیارت نہ تھی، بلکہ ایسی روحانی حضوری تھی جس میں محبت بھی تھی، عقیدت بھی، اور ایک غلام کی طرح سرِ تسلیم خم کرنے کی کیفیت بھی۔ ان کا دل اُس مقام پر کچھ اور ہو جاتا تھا۔ وہاں انہوں نے نہ سیاست سوچی، نہ دنیا، بس سلام کیا، دل رویا، اور خاموشی اختیار کی۔ اور شاید یہی خاموشی اُن کی ساری بات کہہ گئی۔
یہ تمام واقعات ان کی زندگی کے وہ روشن چراغ ہیں جو دنیاوی شعلوں سے نہیں، روحانی روشنی سے روشن ہوئے۔ وہ ایک ایسے شخص تھے جو جب بولتے، تو سچ بولتے، جب چپ رہتے، تو احتجاج بن جاتے، اور جب جھکتے، تو رب کے آگے جھکتے
اسلامی دنیا کے حالیہ چیلنجز کے تناظر میں، امتِ مسلمہ کی قیادت، دانشوروں، ماہرینِ صحت، تعلیم و سماجی بہبود کے نمائندگان نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر “اعلانِ اسلام آباد” جاری کیا گیا، جو مسلم دنیا کے بچوں کے محفوظ، صحت مند اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات کا اعادہ کیا کہ:
بچوں کی صحت کو ہر اسلامی ملک کی قومی ترجیح بنایا جائے گا۔
غذائی قلت، حفاظتی ٹیکوں، ماں اور بچے کی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو اسلامی دنیا میں فوری طور پر مضبوط کیا جائے گا۔
جنگ، غربت اور عدم مساوات کے شکار مسلم ممالک میں بچوں کو نفسیاتی، جسمانی اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بچوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد، استحصال اور جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اجتماعی اسلامی پالیسی تیار کی جائے گی۔
مسلم دنیا میں تعلیم کو جدید طبی، سائنسی اور دینی اصولوں سے ہم آہنگ کر کے بچوں کو ایک متوازن شخصیت کی تعمیر میں معاون بنایا جائے گا۔
اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا جائے گا کہ فلسطین، کشمیر، سوڈان، شام، یمن اور افغانستان جیسے علاقوں میں متاثرہ مسلم بچوں کے حقوق کو عالمی سطح پر تحفظ دیا جائے۔
بلا شبہ حاجی محمد حنیف طیب کی زندگی مثالی اور قابل تقلید ہے جس سے آج کی نوجوان نسل بھر پور رہنمائی حاصل کر سکتی ہے ۔ان کی زندگی پہ یہ شعر صادق آتا ہے
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
۔۔