November 17, 2026

سندھ بھر میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف محکمہ صحت متحرک، سکھر میں خصوصی ڈرگ انسپکشن آپریشن، غیر رجسٹرڈ و ممنوعہ ادویات برآمد

IMG-20251016-WA0300

سندھ بھر میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف محکمہ صحت متحرک، سکھر میں خصوصی ڈرگ انسپکشن آپریشن، غیر رجسٹرڈ و ممنوعہ ادویات برآمد

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی) سندھ بھر میں محکمہ صحت کی جانب سے جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سکھر میں چیف ڈرگ انسپکٹر سندھ حفیظ اللہ تنیو کی قیادت میں خصوصی ڈرگ انسپکشن آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد میڈیکل اسٹورز پر اچانک چھاپے مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران کئی غیر رجسٹرڈ، ممنوعہ اور تاریخِ استعمال ختم شدہ ادویات برآمد ہوئیں۔ متعلقہ اسٹور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفصیلی رپورٹس تیار کرلی گئیں۔چیف ڈرگ انسپکٹر سندھ حفیظ اللہ تنیو نے اس موقع پر کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہیں اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں اس حوالے سے خصوصی مہم جاری ہے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات فراہم کی جا سکیں۔سکھر میں ڈرگ انسپکشن سسٹم کی مؤثر نگرانی میڈم شفق شفیق چاچڑ کر رہی ہیں، جن کی قیادت میں ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں کا سراغ لگایا۔ ان کی نگرانی اور پیشہ ورانہ کارکردگی سے سکھر میں ڈرگ انسپکشن کا نظام مزید فعال اور مؤثر ہو گیا ہے۔عوامی حلقوں اور سماجی تنظیموں نے محکمہ صحت اور میڈم شفق شفیق چاچڑ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیوں سے نہ صرف عوام کو جعلی دواؤں سے تحفظ ملے گا بلکہ دواؤں کے معیار کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔