سکھر: بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف پرانی سکھر میں آپریشن، متعدد کنڈا کنیکشن منقطع
سکھر: بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف پرانی سکھر میں آپریشن، متعدد کنڈا کنیکشن منقطع
سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر۔حسین زیدی) سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سب ڈویژن اولڈ سکھر کے ایس ڈی او سید وقار شاہ کی نگرانی میں بخاری چوک اور چوہان محلہ کے علاقوں میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔آپریشن میں لائن سپرنٹنڈنٹ عقیل دایو، زوہیب بچکانی اور دیگر عملہ بھی شریک تھا۔ ٹیم نے علاقے میں متعدد کنڈا کنیکشن ہٹائے اور غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا۔ایس ڈی او سید وقار شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری اور نادہندگی کے باعث ادارے کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیپکو کی خصوصی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ لائن لاسز پر قابو پایا جا سکے اور بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، دورانِ کارروائی کئی نادہندگان کے کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ کنڈا سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت اقدامات سے بجلی کے نظام میں بہتری آئے گی اور ایماندار صارفین کو ریلیف ملے گا۔