لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) بیداری نے بچیوں کے حقوق کے حوالے سے چھٹی سالانہ صوبائی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں چکوال ، خوشاب ،بھکر ، چنیوٹ
لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) بیداری نے بچیوں کے حقوق کے حوالے سے چھٹی سالانہ صوبائی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں چکوال ، خوشاب ،بھکر ، چنیوٹ اور لیہ سمیت دیگر اضلاع سے سکولز کی بچیوں ، سول سوسائٹی، ٹیچرز اور کمیونٹی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر نوشین عدنان پارلیمانی سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کہا کہ دور دراز شہروں سے لاہور آنیوالی بچیوں کو کہنا چاہوں گی کہ میں نے سرکاری سکولز سے تعلیم حاصل کی ہے اور میری کامیابی کی بڑی وجہ کتاب سے دوستی ہے اور میں سب بچیوں سے بھی یہی کہوں گی کہ اپنے خوابوں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے تعلیم کا حصول ہی واحد کنجی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیداری خواتین کو مضبوط بننے کا حوصلہ دے رہی ہے اور راستہ دکھا رہی ہے۔ ممبران صوبائی اسمبلی مہوش سلطان اور راحیلہ خادم حسین نے بچیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ خصوصی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔
معروف اداکار اور ٹی وی میزبان توثیق حیدر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہمیں وہ معاشرہ قائم کرنا ہے جہاں بیٹی کو بھی آگے بڑھنے کے برابر مواقع ملنے چاہیے۔ چائلڈ رائٹس رہنما سلیم ملک نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں اور لڑکے برابری کے انسان ہیں اور ہمیں لڑکیوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ ہر میدان میں اپنا فیصلہ خود کرسکیں۔مینیجر ملالہ فنڈ انعم اکرم نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مل سکیں جس کیلئے ہم حکومتوں ، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر پیف ثمینہ نواز نے بتایا کہ پنجاب میں پیف کے 17 ہزار سکولز مفت تعلیم دے رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ سکول سے باہر تمام بچوں کو سکول میں لائیں گے۔ کانفرنس میں سکولز کی بچیوں اور ہنرمند خواتین نے اپنے مسائل اور کامیابیاں شئیر کیں۔ بیداری کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے پنجاب بھر سے آئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خواتین و بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور موثر قانون سازی کیلئے جاری کوششوں اور کاوشوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔