November 17, 2026

موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، ملزم فرار ہونے میں کامیاب، ورثا کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

IMG-20251016-WA0270

موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، ملزم فرار ہونے میں کامیاب، ورثا کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
جھنگ ( ):پولیس تھانہ قادر پورجھنگ کے علاقہ موضع دھوری والا میں موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ مقتول کے ورثا نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔مدعی محمدامجدبھٹی ولد احمد سکنہ قمر آباد کالونی موضع عاقل پور تحصیل و ضلع جھنگ پیشہ زمیندارہ کی جانب سے پولیس تھانہ قادر پور ضلع جھنگ میں درج کرائے گئے مقدمہ نمبر793/25 زیر دفعہ 302 ت پ، 34 ت پ میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ زمیندارہ کرتا ہے اور گزشتہ روز صبح ساڑھے 8 بجے اپنے بیٹے ارسلان امجد، برادرم محمد ارشد اورچچا زادغلام رضا ولد محمد بخش اقوام بھٹی سکنہ دیہہ کے ہمراہ اپنے رقبہ سے چارہ کاٹنے کے بعد بسواری گدھا ریڑھی اپنے گھر واپس جارہے تھے کہ جب وہ دربار پیر محمد شاہ واقع موضع دھوری والا کے قریب پہنچے تو پیچھے سے اچانک ایک بغیر نمبر پلیٹ ہونڈا 125 موٹر سائیکل پر سوار تین نقاب پوش مسلح ملزمان جنہیں سامنے آنے پر شناخت کیا جاسکتا ہے وہاں آئے اور للکارا مارا کہ آج ارسلان امجد زندہ بچ کر نہ جائے۔ یہ سنتے ہی ارسلان امجد نے ریڑھی سے اتر کر بھاگنا شروع کردیا جس پر دو موٹرسائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ارسلان امجد کو ایک فائر کمر پربائیں جانب،ایک فائر دائیں ٹانگ پر پیچھے کی جانب اور دو فائر بائیں پٹ پر پیچھے کی جانب لگے جس سے ارسلان امجد شدید زخمی ہوکر گر پڑا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ بعدازاں ملزم اسلحہ لہراتے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔مدعی مقدمہ نے اعلیٰ پولیس افسران سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے