سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر تعلیم حافظ محمد عمران نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ موبائل
سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر تعلیم حافظ محمد عمران نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ موبائل سے خاطر خواہ فوائد حاصل کیے جا رہے ہیں لیکن اس کا بے جا استعمال ذہنی تناو کا باعث ہے ۔اب طالب علم کتاب سے دور اور موبائل کے قریب ہو چکے ہیں۔ والدین اور اساتذہ کو بچوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ اِن خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام دانش کدہ میں گفت گو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس مہر محمد یوسف، پروفیسر ڈاکٹر سید مرتضی حسن، نابیناﺅں کے ترجمان محمد عمران شاہ اور محمد منیب نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ حافظ محمد عمران نے مزید کہا کہ اب کمرہ جماعت کو تربیت گاہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ بچوں کو حالات حاضرہ سے باخبر رکھیں ۔ملکی دفاع کے تقاضوں سے روشناس کروائیں ۔پروفیسر ڈاکٹر سید مرتضی حسن نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کے نعرہ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ہمارے طالب علم ،ہمارے مستقبل کے امین ہیں۔ انھیں قومی دفاعی تقاضوں سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ مہر محمد یوسف نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصا وزیراعلی محترمہ مریم نواز سول ڈیفنس کو فعال بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ ویلنٹیئرز کی آن لائن رجسٹریشن کا مرحلہ جاری ہے۔ زندگی کے تمام شعبہ جات سے ہمیں ولنٹیئرز کی ضرورت ہے۔ محمد عمران شاہ بلائنڈ نے کہا کہ صلاحیتوں کے اعتبار سے نابینا افراد ،بینا افراد سے کسی طرح بھی کمتر نہیں ہیں۔ نابیناﺅں کے مسائل حل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ مخیر حضرات کو پرائیویٹ تنظیموں کی مدد کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا زندگی عمل سے بنتی ہے باتوں سے نہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ہم تعلیمی تقاضے پورے کر سکتے ہیں ۔ہم سب کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا۔ وقار حیدر پروگرام انجینیئر تھے۔
-٭-