سکھر (بیورورپورٹ۔ سید ۔نصیر حسین زیفی)انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی ثوبیہ فلک راؤ نے یونین کونسل پیر الہٰی بخش میں واقع مختلف نجی اسکولز اور رہائشی علاقوں کا
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید ۔نصیر حسین زیفی)انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی ثوبیہ فلک راؤ نے یونین کونسل پیر الہٰی بخش میں واقع مختلف نجی اسکولز اور رہائشی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پولیو ٹیموں کے ہمراہ گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو اپنی نگرانی میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور والدین سے بچوں کی ویکسینیشن سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت اور اس کے فوائد سے آگاہ بھی کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود پولیو ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اسکولوں میں بچوں کی فنگر مارکنگ چیک کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مہم میں مصروف پولیو ورکرز کو سختی سے ہدایت کی کہ مہم کے دوران ہر گھر کا دروازہ ضرور کھٹکھٹایا جائے، کسی بھی گھر یا بچے کو نظرانداز نہ کیا جائے، اور فنگر مارکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مہم کے اعداد و شمار درست اور مکمل رہیں۔ثوبیہ فلک راؤ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام پولیو ٹیموں کو بھرپور جذبے، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹس بروقت جمع کرائیں تاکہ مہم کے نتائج کو مؤثر اور شفاف انداز میں جانچا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکھر شہر کو پولیو فری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔