November 17, 2026

سیاست سے ہٹ کر۔ ۔۔ایک عہد کی فکری و صحافتی روداد تحریر۔۔۔۔علامہ عبدالستار عاصم

IMG-20251012-WA0161

سیاست سے ہٹ کر۔
۔۔ایک عہد کی فکری و صحافتی روداد
تحریر۔۔۔۔علامہ عبدالستار عاصم
ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر کی تصنیف ’ سیاست سے ہٹ کر‘ محض ایک کتاب نہیں بلکہ عہدِ حاضر کے فکری، سماجی، صحافتی اور سیاسی منظرنامے کا آئینہ ہے۔ یہ کتاب مختلف موضوعات پر لکھے گئے سنجیدہ، مدلل اور جرات مندانہ کالموں اور تجزیوں کا مجموعہ ہے، جس میں مصنفہ نے معاشرے کے ہر اہم پہلو کو نہ صرف موضوع بنایا ہے بلکہ اسے ایک ذمہ دار دانشور کے زاویے سے پرکھا اور پیش کیا ہے۔
کتاب کی فہرست پر ایک نظر ڈالیں تو محسوس ہوتا ہے کہ مصنفہ نے کسی ایک میدان کو موضوع نہیں بنایا بلکہ صحافت، سیاست، تعلیم، عورت کے حقوق، انسانی حقوق، میڈیا، کھیل، معیشت، عدلیہ، مذہب اور معاشرت سب پر قلم اٹھایا ہے۔ یہ تنوع ہی کتاب کو ایک دستاویزی حیثیت دیتا ہے۔
ابتدائی مضامین میں صحافت اور صحافیوں کا تذکرہ نمایاں ہے۔ آئی اے رحمان، عطا الرحمن، ڈاکٹر مغیث الدین شیخ اور عارف نظامی جیسے قدآور ناموں کا ذکر کرتے ہوئے مصنفہ نے نہ صرف ان شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے بلکہ موجودہ صحافتی خلا کی نشاندہی بھی کی ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ صحافت ایک وقت میں چراغِ راہ ہوا کرتی تھی، آج وہ ادارتی مصلحتوں، مفادات اور دباؤ میں جکڑ کر اپنی روح کھو بیٹھی ہے۔ ’’آزادی صحافت کا دن‘‘ پر ان کا تبصرہ انتہائی کربناک مگر حقیقت پر مبنی ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ کوئی ویرانی سی ویرانی ہے، صحافت میں آزادی کے نعروں کے باوجود حق کہنے والے کم اور سر جھکانے والے زیادہ ہو گئے ہیں۔ میڈیا اتھارٹی، پیمرا کے قوانین، اور صحافت کے احتساب پر لکھے گئے مضامین میں مصنفہ نے واضح کیا ہے کہ جب صحافت پر قدغنیں لگتی ہیں تو جمہوریت کمزور اور عوام بے خبر ہو جاتے ہیں۔
کتاب کا ایک بڑا حصہ عورت کے حقوق، سماجی رویوں اور معاشرتی تضادات کو اجاگر کرتا ہے۔ عورت مارچ کے متنازع نعروں سے لے کر ’’آخر عورت جائے کہاں؟‘‘ تک، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر کا لب و لہجہ ایک بیدار ضمیر خاتون کا ہے جو نہ کسی انتہا پسندی میں ہے اور نہ اندھی جدیدیت میں۔ وہ حجاب اور بے حجابی کے مباحث کو محض مذہبی یا لبرل عینک سے نہیں دیکھتیں بلکہ اسے ایک سماجی سوال کے طور پر پیش کرتی ہیں۔ نور مقدم کیس پر ان کا تجزیہ جذباتی نعروں سے ہٹ کر دلیل اور توازن پر مبنی ہے۔ ’’گالیاں نہیں، دلائل کی ضرورت ہے‘‘ یہی جملہ ان کے پورے رویے کا آئینہ دار ہے۔ خواتین صحافیوں کے مسائل، سمیرا کیس، اور مریم نواز شریف سے وابستہ امیدوں پر ان کی تحریریں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ عورت کو کمزور مظلوم کے خانے میں نہیں رکھتیں بلکہ ایک باشعور فرد کے طور پر پیش کرتی ہیں جو اپنی شناخت، کردار اور مقام کا حق رکھتی ہے۔
کتاب کا ایک اور مضبوط پہلو تعلیم اور جامعات کا زوال ہے۔ ’’کنگال جامعات‘‘، ’’بڑے ناموں والی جامعات کی ناقص کارکردگی‘‘ اور ’’شعبہ تعلیم کو اکھاڑہ مت بنائیں‘‘ جیسے مضامین میں مصنفہ نے پاکستان کے تعلیمی نظام کی جڑوں میں بیٹھے مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ تعلیم کا بحران محض بجٹ کا نہیں، بلکہ نظام، وژن اور نیت کے فقدان کا ہے۔ یکساں نصاب، جعلی تحقیق، نمبروں کا سونامی اور جامعات میں گرتے ہوئے معیار کو وہ ملکی ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹ قرار دیتی ہیں۔ اسی تناظر میں ’’سائیکل سوار خاتون پرنسپل‘‘ اور ’’ایک ملاقات گورنر پنجاب سے‘‘ جیسے مضامین میں عملی مثالوں سے ثابت کیا گیا ہے کہ اگر نیت ہو تو نظام کو بدلا جا سکتا ہے۔
کتاب میں ایسے کئی مضامین ہیں جو ریاست اور سماج کی بے حسی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ پولیس کے رویے، انسانی حقوق کی پامالی، جیلوں کی حالت، سانحات (جڑانوالہ، مری، کشتی حادثہ) اور آئینی آرٹیکل 25 کے حوالے سے اردو زبان کا مسئلہ سب کو ایک فکری تسلسل میں بیان کیا گیا ہے۔ مصنفہ نے کسی موضوع پر مصلحت آمیز خاموشی اختیار نہیں کی۔ وہ لکھتی ہیں کہ ہم ہر سانحے پر شرمندہ ہوتے ہیں، مگر سبق نہیں سیکھتے۔ ہمارا المیہ یہی ہے کہ ہم درد کو لمحاتی شور میں گم کر دیتے ہیں۔
مصنفہ نے کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے زوال پر جس درد مندی سے بات کی ہے وہ قابلِ غور ہے۔ ٹیم کی ناقص کارکردگی، ادارہ جاتی بگاڑ، اور عوامی جذبات سے کھیلنے کے رجحان پر ان کا تجزیہ پالیسی سازوں کے لیے آئینہ ہے۔ اسی طرح سیاسی مباحث میں وہ جذباتی بیانیے سے ہٹ کر تجزیاتی انداز اپناتی ہیں۔ عدم برداشت، جشنِ آزادی میں خود احتسابی کی ضرورت، اور ریاستی اداروں کے کردار پر وہ کھل کر لکھتی ہیں۔
’’ کتاب میں صرف ملکی مسائل نہیں بلکہ عالمی منظرنامے کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ پاک سعودی تعلقات، افغانستان کا بحران، ترک دوستی، یورپی یونین کی بھارت پر رپورٹ — سب مضامین عالمی سیاست پر گہری نظر کا پتہ دیتے ہیں۔ یہ مضامین اخباری خبروں سے زیادہ ادراکی تجزیے پیش کرتے ہیں، جن سے قاری کو نہ صرف معلومات ملتی ہے بلکہ ایک زاویۂ نظر بھی تشکیل پاتا ہے۔
ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر کا قلم نہ صرف تیز ہے بلکہ نفاست اور سلیقے سے بھی مزین ہے۔ وہ جارحانہ نہیں ہوتیں، مگر ان کا ہر جملہ کسی نہ کسی حقیقت کو بیان، عیاں یا چیلنج ضرور کرتا ہے۔ ان کا اندازِ تحریر کہیں تجزیاتی ہے، کہیں جذباتی اور کہیں علامتی۔ یہی تنوع قاری کو آخر تک جوڑے رکھتا ہے۔ ان کے کالموں میں ایک خاص فکری ربط ہے جو عہد کے مسائل کو محض بیان نہیں کرتا بلکہ ان کے پس منظر کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ یہی وصف ایک عام کالم اور ایک پائیدار تحریر میں فرق پیدا کرتا ہے۔
’’‘‘ ایک ایسی کتاب ہے جو عہد کے بڑے سوالات اٹھاتی ہے — عورت، تعلیم، صحافت، سیاست، معاشرت، انسانی حقوق اور ریاستی ناکامیاں۔ یہ کتاب شعور رکھنے والے قاری کے لیے لکھی گئی ہے جو محض خبریں نہیں، حقیقت جاننا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے اس تصنیف کے ذریعے قلم کو سماجی ذمہ داری کے ساتھ جوڑا ہے، یہی کسی بھی سنجیدہ لکھاری کا اصل امتیاز ہوتا ہے۔ یہ کتاب صرف پڑھنے کے لیے نہیں بلکہ سوچنے کے لیے ہے — اور شاید یہی اس کا سب سے بڑا حسن ہےقلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نے اس کتاب کی اشاعت کا اہتمام نہایت دیدہ زیب انداز میں کیا ہے