November 17, 2026

طیفی بٹ: سیاست، جرم اور انجام کی کہانی

FB_IMG_1760273011988

طیفی بٹ: سیاست، جرم اور انجام کی کہانی

گزشتہ روز رحیم یار خان کی حدود میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اب ایک لاش کی صورت سرد خانے کی نذر ہے۔ وہی طیفی بٹ جو 2024ء کے عام انتخابات میں برسراقتدار جماعت مسلم لیگ (ن) کے سرگرم ووٹر اور پرجوش سپورٹر کے طور پر پیش پیش تھا۔
اکبری منڈی بورڈ کا چیئرمین کہلانے والا یہ شخص اسی جماعت کی انتخابی مہم میں نہ صرف متحرک کردار ادا کرتا رہا بلکہ 2018ء کے انتخابات کے دوران امیر بالاج اور حمزہ شہباز کے مابین ہونے والی تلخ کلامی کا سبب بھی ٹھہرا۔ مگر آج وہی جماعت، وہی اقتدار، اور وہی طاقت، جس کے سائے میں طیفی بٹ کبھی فخر سے سینہ تان کر چلتا تھا۔ اب اس کے بےجان جسم پر خاموش کھڑی ہے۔
ورثا کا الزام ہے کہ قانونی چارہ جوئی سے دستبرداری کے عوض لاش حوالگی کی شرط عائد کی جا رہی ہے۔
یہ منظر، یہ داستان، اس معاشرتی نظام کے منہ پر ایک طمانچہ ہے جہاں سیاسی جماعتیں اور طاقت کے ایوان گینگسٹرز، بدمعاشوں اور ٹھگوں کو اپنے مفادات کی بچھائی ہوئی بساط پر مہرے بنا کر کھیلتے ہیں۔
یہ وہی لوگ ہیں جنہیں اقتدار کے ایوانوں میں کبھی “کارکن” کہا جاتا ہے، کبھی “محافظ” اور کبھی “دوست”، مگر جب وقت بدلتا ہے تو وہی ہاتھ جو کبھی کندھوں پر رکھے جاتے تھے، انہیں گردنوں پر رکھ دیا جاتا ہے۔
یہ واقعہ محض ایک موت کی خبر نہیں۔ یہ سبق ہے، ایک وارننگ ہے ان تمام کرداروں کے لیے جو وقتی طاقت کے خمار میں ضمیر کا سودا کر کے سیاسی سایوں میں پناہ لیتے ہیں۔
اقتدار کی بازی میں وہ چیونٹی کی مانند ہیں، جو انگلیوں کے بیچ آتے ہی مسل دی جاتی ہے اور اس کے بعد صرف خاموشی رہ جاتی ہے، ایک بے بسی کی، ایک انجام کی، جو ہمیشہ عبرت کی صورت میں لکھی جاتی ہے۔ (عرفان علی)