تعلیم کے میدان کا درخشاں ستارہ — ملک شاہد اقبال خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
تعلیم کے میدان کا درخشاں ستارہ — ملک شاہد اقبال
خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
قوموں کی ترقی و عروج کا دار و مدار ہمیشہ تعلیم پر رہا ہے۔ وہی اقوام دنیا میں سرخرو ہوتی ہیں جو اپنے تعلیمی نظام کو مضبوط، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتی ہیں۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں وسائل محدود اور چیلنجز بے شمار ہیں، وہاں اگر کوئی فرد خلوص، دیانت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ تعلیم کے فروغ کا بیڑہ اٹھائے تو یقیناً وہ قومی ہیرو کے درجے کا مستحق ہوتا ہے۔ انہی مخلص اور باصلاحیت شخصیات میں ایک نمایاں نام ملک شاہد اقبال کا ہے جو بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم خوشاب اپنی گرانقدر خدمات سے تعلیمی میدان کو روشن کر رہے ہیں۔ملک شاہد اقبال نے ہمیشہ نہ صرف اپنے فرائض کو ایک ذمہ داری کے طور پر نبھایا بلکہ انہیں ایک قومی مشن سمجھ کر انجام دیا۔ ان کی شخصیت انتظامی قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت، اور انسانی ہمدردی کا حسین امتزاج ہے۔ وہ جہاں تعلیمی اداروں کے نظم و نسق کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں، وہیں اساتذہ کرام اور طلباء کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہمہ وقت سرگرم رہتے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری کی زیر قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ملک شاہد اقبال سمیت دیگر سی ای او آفس ایجوکیشن ڈائریکٹرز کی بھرپور کوششوں کے نتیجے میں متعدد سکولوں میں تدریسی معیار میں نمایاں بہتری آئی، داخلوں کی شرح بڑھی، ڈراپ آؤٹ طلباء کی تعداد کم ہوئی، اور اساتذہ کرام کی حاضری و کارکردگی میں نیا جذبہ پیدا ہوا جو کہ محکمہ تعلیم پنجاب کے سرمایہ ءافتخار سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شاہد اقبال ، دیگر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعلیم اور جملہ آفیسرز محکمہ تعلیم ضلع خوشاب مردانہ اور زنانہ کی حسن کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
ممتاز ماہر تعلیم ملک شاہد اقبال نے بطور سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 جوہرآباد کی فلاح و بہبود کے لیے مثالی خدمات سر انجام دیں ۔ موصوف طویل عرصے سے محکمہ تعلیم ضلع خوشاب کے زیر انتظام وقتا” فوقتا” منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں نہایت خوش اسلوبی سے نقابت کے فرائض سرانجام دے کر ان کی رونق کو چار چاند لگا دیتے ہیں ۔ ملک شاہد اقبال کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے تعلیم کو صرف نصابی حد تک محدود نہیں رکھا بلکہ اس کو تربیت، کردار سازی اور قومی شعور کے ساتھ جوڑنے کی عملی کوشش کی۔ وہ اکثر کہا کرتے ہیں کہ “تعلیم کا اصل مقصد ڈگری نہیں، بلکہ بہتر انسان بنانا ہے۔”
ان کے اس وژن کے تحت ان کی ہیڈماسڑی کی بدولت جن جن سکولوں میں وہ تعینات رہے ان سکولوں میں مختلف تربیتی، اخلاقی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد معمول بنا، جس سے طلباء میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبات کو تقویت ملی ہے۔انتظامی حوالے سے بھی ان کی کارکردگی مثالی ہے۔ وہ شفافیت، میرٹ اور اصول پسندی پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ اپنے ساتھیوں اور ماتحت عملے کے ساتھ ان کا رویہ ہمیشہ مشفقانہ رہا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری کی قیادت میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شاہداقبال اور ان کے دیگر رفقاءے کار کی کوششوں سے محکمہ تعلیم ضلع خوشاب میں ایک خوشگوار اور مثبت ماحول نے جنم لیا ہے، جو تعلیمی نظام کے استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
ملک شاہد اقبال کے لیے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ وہ محض ایک افسر نہیں بلکہ ایک تعلیمی مصلح ہیں جو نئی نسل کے مستقبل کو روشن بنانے میں سرگرم ہیں۔ ان کی خدمات نوجوان افسروں کے لیے مشعلِ راہ اور تعلیمی دنیا کے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔
قوم کو ایسے ہی ایماندار، فرض شناس اور وژن رکھنے والے افراد کی ضرورت ہے جو تعلیم کو ایک مقدس فریضہ سمجھ کر اسے عام کریں۔ یقیناً اگر ہمارے نظامِ تعلیم میں ملک شاہد اقبال جیسے مخلص رہنما زیادہ ہوں گے تو پاکستان کا تعلیمی نقشہ چند ہی برسوں میں بدل سکتا ہے۔