November 18, 2026
IMG-20250719-WA0158(15)

نیا سندھ ، نیا اعتماد
————————-
کراچی کی شام ہمیشہ کچھ کہتی ہے — سمندر کی لہروں میں چھپا ہوا وہ گیت، جو کبھی تجارت کے خوابوں کی صورت گونجتا ہے، تو کبھی ترقی کی آس بن کر ساحلوں پر آ بیٹھتا ہے۔ 9 اکتوبر 2025 کی شام بھی کچھ ایسی ہی تھی جب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سعودی عرب کے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور ان کے 30 رکنی بزنس وفد کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں خوش آمدید کہا۔ یہ ملاقات محض ایک رسمی تقریب نہیں تھی بلکہ پاکستان کی معاشی تاریخ میں ایک نئے موڑ کا آغاز تھا۔ ایک طرف سعودی وژن 2030 کی سمت تھی اور دوسری طرف سندھ کا ترقیاتی وژن، جو پاکستان کی معیشت کے لیے نئی توانائی بننے جا رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ عقیدت اور جذبات کے رشتے سے بندھے رہے ہیں، مگر اب وقت جذبات سے آگے بڑھ کر عملی اقتصادی شراکت کا تقاضا کر رہا ہے۔ پرنس منصور بن محمد کی سربراہی میں آنے والا وفد اسی اعتماد کی علامت ہے جو سعودی سرمایہ کاروں کو اب پاکستان، خصوصاً سندھ کے بارے میں حاصل ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی گفتگو میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو اجاگر کرتے ہوئے دراصل دنیا کو یہ پیغام دیا کہ سندھ محض سیاسی نعرے بازی کا صوبہ نہیں رہا بلکہ ایک مضبوط ادارہ جاتی نظام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہی وہ پیغام تھا جس نے سعودی وفد کو متاثر کیا، کیونکہ آج کے سرمایہ کار کو نعرے نہیں بلکہ عمل اور استحکام درکار ہے۔

سندھ کی ترقی کی کہانی اگر کسی نے دیکھنی ہو تو تھر کی ریت پر جا کر دیکھے جہاں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی نے صرف کوئلہ نہیں نکالا بلکہ امید کا ایندھن جلایا۔ نبیسر سے واجیہر تک پھیلنے والا واٹر سپلائی پروجیکٹ، این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کا قیام اور کینجھر لیک و ہاکس بے بیچ پر سیاحتی منصوبے اس صوبے کی نئی روح ہیں۔ کبھی یہ خطہ صرف سیاست کے نعروں میں پہچانا جاتا تھا مگر اب یہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع کا محور بنتا جا رہا ہے۔ شاید اسی لیے پرنس منصور بن محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت کا گیٹ وے ہے اور بے پناہ سیاحتی امکانات رکھتا ہے، کیونکہ جب خواب حقیقت میں ڈھلنے لگتے ہیں تو دنیا انہیں دیکھنے ضرور آتی ہے۔

گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے میدان میں سب سے بڑا مسئلہ اعتماد کی کمی رہا ہے۔ لیکن سندھ نے اس فقدان کو ڈیجیٹل شفافیت، آسان ضوابط اور بین الاقوامی پارٹنرشپس کے ذریعے کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ زمینوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، آن لائن بزنس فائلنگ اور سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن جیسے اقدامات نے عالمی سرمایہ کاروں کو اعتماد بخشا ہے۔ مراد علی شاہ کی پالیسیوں نے سندھ کو ایک انتظامی ماڈل میں بدل دیا ہے — ایسا صوبہ جو ملک ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی سرمایہ کاری کا مرکز بن سکتا ہے۔

اس اجلاس کا سب سے اہم لمحہ وہ تھا جب دو مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ ایک جانب کے ای ایس پاور لمیٹڈ میں حصص کی خرید و فروخت کا معاہدہ ہوا اور دوسری جانب کے الیکٹرک لمیٹڈ اور ٹرائیڈنٹ انرجی لمیٹڈ کے درمیان پاور سیکٹر میں اسٹریٹجک تعاون اور سرمایہ کاری کا فریم ورک طے پایا۔ یہ صرف معاہدے نہیں بلکہ اعتماد کے پل ہیں جو کراچی کے توانائی بحران اور سندھ کے صنعتی شعبے کے لیے نئی روشنی بن سکتے ہیں۔ جب عالمی سرمایہ کار کسی صوبے کے توانائی ڈھانچے میں دلچسپی لینے لگیں تو سمجھ لیجیے کہ وہ خطہ پائیدار ترقی کے زینے پر قدم رکھ چکا ہے۔

سعودی وژن 2030 اور سندھ کے وژن 2025 کے درمیان ایک قدرتی ہم آہنگی موجود ہے۔ سعودی وژن کا مقصد تیل کی معیشت سے آگے بڑھ کر اقتصادی تنوع لانا ہے جبکہ سندھ کا وژن صنعتی توسیع، اختراع اور جامع ترقی پر مبنی ہے۔ دونوں وژنز ایک دوسرے کے تکمیلی ہیں۔ جب سعودی سرمایہ سندھ کے منصوبوں میں شامل ہوگا تو نہ صرف ٹیکنالوجی کی منتقلی ہوگی بلکہ روزگار، ہنر مندی اور برآمدی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ وہ حقیقت ہے جو قوموں کے مستقبل کا تعین کرتی ہے۔

یہ ملاقات محض ایک پروٹوکول تقریب نہیں تھی بلکہ پاکستان کے لیے نئی اقتصادی سفارت کاری کی شروعات تھی۔ مراد علی شاہ نے سندھ کو جو راستہ دکھایا ہے وہ اس صوبے کو جنوبی ایشیا کی سرمایہ کاری کا مرکز بنا سکتا ہے۔ سندھ اب سیاست کے نعروں سے نہیں بلکہ پالیسی کے عمل سے پہچانا جا رہا ہے۔ اگر یہی تسلسل قائم رہا تو وہ دن دور نہیں جب تھر کے کوئلے سے جلنے والی روشنی کینجھر کی لہروں پر بھی چمکے گی اور دنیا کہے گی — یہ ہے نیا سندھ، جو ترقی کا چہرہ بن چکا ہے۔
@@@@@@@@@@@@@@@@